اشتہار

امپورٹڈ اشیا پر پابندی، حکومت اپوزیشن کے نشانے پر آگئی

اشتہار

حیرت انگیز

حکومت نے تمام لگژری آئٹمز پر پابندی عائد کردی ہے جس کا اعلان وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے اپنی پریس کانفرنس میں کیا تاہم یہ اعلان ہوتے ہی حکومت کو پی ٹی آئی رہنماؤں نے اپنے نشانے پر رکھ لیا ہے۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق وفاقی وزیراطلاعات ونشریات مریم اورنگزیب نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے بیرون ملک سے موبائل فون، گاڑیاں، اسلحہ، جوتوں، امپورٹڈ سینٹری، فرنیچر، میک اپ، شیمپوز منگوانے پر پابندی عائد کردی ہے، اب سے لگژری اور غیر ضروری آئٹمز کی درآمد پر مکمل پابندی ہوگی۔

وفاقی حکومت کے اس فیصلے کے بعد پی ٹی آئی رہنماؤں نے شہباز حکومت کو اپنے نشانے پر رکھ لیا ہے اور طرح طرح کے تبصرے جاری ہیں۔

- Advertisement -

سابق وفاقی وزیر اطلاعات چوہدری فواد حسین نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ٹوئٹ میں کہا کہ ہفتوں گزرنے کے بعد اس حکومت کی انتہائی حکمت پر مبنی معاشی پالیسی سامنے آگئی جس کے مطابق چاکلیٹ اور ٹافیاں امپورٹ نہیں ہونگی۔

 

فواد چوہدری نے اپنے ٹوئٹ میں مزید کہا کہ ان عقل کے اندھوں کو کوئی سمجھائے کہ چاکلیٹ، پنیر اور ٹافیوں کی امپورٹ پر پابندیوں سے معیشت نہیں چلتی اس کیلیے اہم معاشی فیصلے چاہئیں۔

سابق وزیر توانائی اور پی ٹی آئی رہنما حماد اظہر نے ٹوئٹ کرتے ہوئے انکشاف کیا ہے کہ حکومت نے جن اشیا پر پابندی لگائی ہے ان کا امپورٹ بل میں حصہ ایک فیصد بھی نہیں ہے۔

حماد اظہر نے مزید کہا کہ پابندی امپورٹڈ حکومت پر لگانی ہے امپورٹڈ اشیا پر نہیں۔

 

پی ٹی آئی رہنما شہباز گل نے اپنے ٹوئٹ میں کہا کہ مفتاح اسماعیل کو فائدہ پہنچانے کے لیے چاکلیٹ اور ٹافیوں پر امپورٹڈ حکومت کی پابندی۔

پی ٹی آئی رہنما فیصل واؤڈا نے بھی حکومتی فیصلے پر ردعمل کیلیے ٹوئٹر کا سہارا لیا ہے اور کہا ہے کہ مریم اورنگزیب کی پریس کانفرنس کو آخری پریس کانفرنس سمجھ لیں اور عوام الیکشن کے لیے تیارہوجائیں کہ عمران خان کل بڑا اعلان کریں گے۔

فیصل واؤڈا نے مزید کہا کہ یہ تو کہتے تھے معیشت سنبھال لیں گے لیکن آج معیشت کا برا حال ہے، یہ کہتے تھے ڈالر کی قیمت کم کریں گے لیکن آج ڈالر200 عبور کرگیا ہے۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ عوام نے ایک مجرم اور امپورٹڈ حکومت کا سافٹ ویئر اپ ڈیٹ کردیا ہے، کچھ دنوں کی بات ہے یہ ہی مجرم حکومت الیکشن کی تاریخ کا اعلان کرے گی۔

ماہر معاشیات اور سابق ترجمان وزارت خزانہ نے کہا کہ امپورٹڈ حکومت قوم کو ریلیف دینے آئی تھی، آج قوم سےقربانی مانگ لی،10مپورٹ اشیا پر پابندی، ملک میں مہنگائی کا نیا طوفان جنم لے گا۔

پی ٹی آئی رہنما اور سینیٹر شبلی فراز نے اپنے ردعمل میں کہا کہ حکومت نے امپورٹڈ اشیا پر پابندی عائد کردی ہے، لیکن ملک کو امپورٹڈ اشیا سے زیادہ امپورٹڈ حکومت نقصان پہنچا رہی ہے۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں