ممبئی: بالی وڈ کی بڑی شخصیات کو گٹکے اور تمباکو کے اشہارات میں کام کرنا مہنگا پڑگیا۔ ان کے خلاف مقدمہ درج کروا دیا گیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ان شخصیات میں اداکار شاہ رخ خان، امیتابھ بچن، اجے دیوگن اور رنویر سنگھ شامل ہیں۔ تمنا ہاشمی نامی سماجی کارکن نے مقامی عدالت میں مقدمے کی درخواست جمع کرا دی۔
درخواست گزار نے مؤقف اختیار کیا کہ ان بالی وڈ شخصیات کو بچے اور کم عمر لڑکے لڑکیاں فالو کرتی ہیں، اداکار اپنی شہرت کا غلط استعمال کر رہے ہیں۔
تمنا ہاشمی نے کہا کہ جب یہ لوگ گٹکے اور تمباکو کی تشہیر میں پیش پیش ہوں گے تو مداحوں کے ذہنوں پر منفی اثرات مرتب ہوں گے، مداح بھی ان چیزوں کا استعمال کر سکتے ہیں۔
خیال رہے کہ اس سے قبل گٹکے کے اشتہار میں کام کرنے پر اداکار اکشے کمار نے اپنے مداحوں سے معافی مانگی تھی۔ گٹکے کی تشہیر کے بعد ٹوئٹر صارفین نے اکشے کمار کو تنقید کا نشانہ بنایا تھا کیوں کہ وہ اکثر فٹنس کے حوالے سے گفتگو کرتے نظر آتے ہیں۔
اکشے کمار نے اپنے ٹوئٹ میں کہا تھا کہ مجھے افسوس ہے، میں آپ سے، اپنے تمام مداحوں اور خیر خواہوں سے معافی مانگنا چاہتا ہوں، پچھلے کچھ دنوں میں آپ کے ردعمل نے مجھے بہت متاثر کیا ہے، اگرچہ میں تمباکو کی حمایت نہیں کرتا اور نہ کروں گا لیکن میں آپ کے جذبات کا احترام کرتا ہوں۔
View this post on Instagram