اشتہار

شہری سوا کروڑ کی کار دریا میں پھینک کر چلا گیا

اشتہار

حیرت انگیز

بنگلور: بھارت میں ایک شخص نے قیمتی بی ایم ڈبلیو دریا میں پھینک دی اور گھر چلا گیا، پتا چلا ہے کہ مذکورہ شخص ڈپریشن کا شکار تھا۔

تفصیلات کے مطابق ماں کی موت پر افسردہ بھارتی شہری نے 1.3 کروڑ روپے کی BMW کار دریا میں پھینک دی۔

کرناٹک کے سری رنگا پٹنہ میں دریائے کاویری کے بیچ میں دیہاتیوں، اور ماہی گیروں نے ایک چمکیلی کار ڈوبتی دیکھی تو انھوں نے گھبرا کر پولیس کو مطلع کر دیا، ان کا خیال تھا کہ کار کو شاید حادثہ پیش آ گیا ہوگا، اور اندر ڈرائیور بھی ہو سکتا ہے۔

- Advertisement -

پولیس نے فوری طور پر ہنگامی اہل کاروں کو طلب کیا تاہم غوطہ خوروں نے دیکھا کہ کار کے اندر کوئی نہیں تھا، اس کے بعد گاڑی کو دریا سے نکال لیا گیا۔

کار کی رجسٹریشن کی تفصیلات نکلوا کر پولیس نے کار کے مالک کا پتا چلایا، جو بنگلورو کے مہالکشمی علاقے کا رہائشی تھا، پولیس مذکورہ شخص کو پوچھ گچھ کے لیے سری رنگا پٹنہ لے آئے، تاہم پوچھ گچھ کے دوران اس نے غیر واضح اور بے ربط باتیں کیں، جس پر پولیس نے اس کے اہل خانہ سے رابطہ کیا جنھوں نے بتایا کہ وہ اپنی ماں کی موت کے بعد ڈپریشن میں چلا گیا تھا، اور غم سے نڈھال ہو کر اس نے بنگلورو میں اپنے گھر واپس جانے سے پہلے کار کو دریا میں پھینک دیا۔

واضح رہے کہ کار BMW X6 تھی جس کی قیمت تقریباً 1.3 کروڑ روپے ہے، سری رنگا پٹنہ کی پولیس کے مطابق مذکورہ شخص، جس کی شناخت کا پتا نہیں چل سکا، الجھن میں اور پریشان دکھائی دے رہا تھا۔

پوچھ گچھ کے بعد پولیس نے مذکورہ شخص کو چھوڑ دیا، اور کوئی شکایت درج نہیں کی گئی، جب کہ شہری کے اہل خانہ کار واپس بنگلور لے گئے۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں