اشتہار

امریکا میں فائرنگ کا ایک اور واقعہ، اس بار اسپتال نشانہ، 4 ہلاک

اشتہار

حیرت انگیز

اوکلاہوما: امریکا میں فائرنگ کا ایک اور دہشت انگیز واقعہ رونما ہوا ہے، اس بار اسپتال نشانہ بن گیا، فائرنگ کے واقعے میں حملہ آور سمیت 4 ہلاک ہو گئے۔

تفصیلات کے مطابق امریکی ریاست اوکلاہوما کے شہر ٹولسا کے ایک اسپتال میں ایک حملہ آور نے اندھا دھند فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں 3 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے ہیں۔

قانون نافذ کرنے والے حکام نے تصدیق کی ہے کہ مشتبہ شوٹر بھی مارا گیا ہے، امریکی میڈیا کے مطابق حملہ آور نے سینٹ فرانسس اسپتال کے ایک کیمپس میں فائرنگ کی تھی، جسے حکام کے مطابق خالی کرنے کے لیے تاحال کام جاری ہے۔

- Advertisement -

ڈپٹی پولیس چیف جوناتھن بروکس نے میڈیا کو بتایا کہ حملہ آور جس کی ابھی تک شناخت نہیں ہوسکی ہے، کو گولی لگنے سے مہلک زخم آئے، اور یہ خیال کیا جاتا ہے کہ حملہ آور کو گولی خود اس کے ہاتھوں ہی لگی ہے۔

انھوں نے کہا کہ مشتبہ شخص کے پاس ایک لانگ گن اور ایک ہینڈ گن تھی، حملے کے ممکنہ محرک کے بارے میں کوئی معلومات دستیاب نہیں ہو سکی ہیں۔

ڈپٹی بروکس نے کہا کہ پولیس کو شام پانچ بجے ایک فعال شوٹر کے بارے میں کال موصول ہوئی جس پر پولیس 3 منٹ کے اندر جائے وقوعہ پر پہنچ گئی، جہاں اسپتال کے کیمپس کی دوسری منزل سے فائرنگ ہو رہی تھی اور کچھ افراد زخمی تھے جب کہ کچھ مر چکے تھے۔

وائٹ ہاؤس کے حکام نے بھی ایک بیان میں کہا کہ امریکی صدر جو بائیڈن کو ٹولسا شوٹنگ کے بارے میں بریفنگ دی گئی ہے۔ یاد رہے کہ گزشتہ ماہ فائرنگ کے 2 بڑے واقعات میں 31 افراد جان سے جا چکے ہیں، یوالڈے ٹیکساس میں 21 اور بفیلو نیویارک میں 10 افراد ہلاک ہوئے تھے، امریکا میں فائرنگ کے بڑھتے واقعات، گن کنٹرول کا مطالبہ زور پکڑنے لگا ہے۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں