مسقط : عمان کے سلطان کی جانب سے عوام کے مفاد کے پیش نظر بجلی کا ایک خصوصی پیکیج متعارف کیا گیا ہے جس کا مقصد شہریوں پر بڑھتے ہوئے مالی اخراجات کم کرنا ہے۔
عمان کے سلطان عزت مآب سلطان ہیثم بن طارق نے گزشتہ روز وزراء کونسل کے اجلاس کے موقع پر مئی سے اگست تک سبسڈی فراہم کرنے کی ہدایت جاری کی ہے۔
عمان میں عوام نے سلطان کی جانب سے موسم گرما کے مہینوں میں بجلی کی سبسڈی میں 15 فیصد اضافی دینے کے فیصلے کا خیر مقدم کیا ہے۔
ملک کے کئی علاقوں میں درجہ حرارت 40 ڈگری سے بڑھ جانے کی صورت میں بہت سے گھروں اور دفاتر میں دن کے اوقات میں بھی ایئر کنڈیشنر مسلسل استعمال میں رہتے ہیں، جس کے سبب بجلی کے زیادہ بل آتےہیں، یہی وجہ کہ عوام کو بجلی کے بھاری بلوں کی ادائیگی میں مشکلات کا سامنا رہتا ہے۔
سلطان کے اس اقدام سے شہریوں نے سکھ کا سانس لیا ہے ان کا کہنا ہے کہ مہگائی کی وجہ سے پہلے ہی بہت سے مسائل کا سامنا تھا تاہم اب ان میں کچھ کمی آئے گی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق عمان کے مختلف قصبوں اور شہروں میں درجہ حرارت 40سے 42ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جس سے گرمی اور تپش کی صورتحال کا اندازہ بخوبی لگایا جاسکتا ہے۔
اس حوالے سے تاجروں نے مطالبہ کیا ہے کہ تیل کی قیمتیں زیادہ ہونے کے باوجود بجلی اور پانی کی قیمتیں اب بھی زیادہ ہیں۔ ہم بجلی اور پانی کی قیمتوں کو مزید کم کرنے کا مطالبہ کرتے ہیں۔