عالیہ بھٹ اور رنبیر کپور کی شادی کے بعد اب ایک اور بھارتی اداکارہ کی کرکٹر سے شادی کی تیاریاں شروع ہو گئی ہیں، یہ اداکارہ ہے اتھیا شیٹی، جن کی بھارتی کرکٹ ٹیم کے نائب کپتان کے ایل راہول سے شادی کی افواہیں زیر گردش ہیں۔
بتایا جا رہا ہے کہ سنیل شیٹی کی بیٹی اتھیا کافی عرصے سے بھارتی بیٹسمین کنور لوکیش راہول کے ساتھ چاہت کے بندھن میں بندھی ہوئی ہیں، اور دونوں ساتھ ساتھ دیکھے جاتے ہیں اور سوشل میڈیا پر تصاویر بھی شیئر کرتے رہتے ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق دونوں اس سال سردیوں میں شادی کر سکتے ہیں، تیاری بھی شروع کر دی گئی ہے، کہا جا رہا ہے کہ اتھیا اور راہول جنوبی ہندوستانی رسم و رواج کے مطابق شادی کریں گے، کیوں کہ سنیل شیٹی اور راہول دونوں کا تعلق منگلور سے ہے۔
تاہم، ابھی تک دونوں نے یا ان کے خاندانوں کی جانب سے باقاعدہ طور پر شادی کے سلسلے میں کوئی اعلان نہیں کیا گیا ہے، نہ ہی کوئی اعتراف سامنے آیا ہے، یہ ضرور ہے کہ وقتاً فوقتاً دونوں جانب سے کچھ اشارے ملتے رہے ہیں۔
ابھی حال ہی میں کے ایل راہول نے 30 ویں سال گرہ منائی، اس موقع پر اداکارہ اتھیا شیٹی نے ان کے ساتھ اپنے رشتے کے اشارہ دیا، کے ایل راہول کو سال گرہ کی مبارک باد دیتے ہوئے اتھیا نے ان کے ساتھ اپنی ایک تصویر شیئر کر کے لکھا ‘تمھارے ساتھ کہیں بھی’۔
View this post on Instagram
شیٹی فیملی کے قریبی ذرائع کا کہنا ہے کہ اتھیا کے والدین کے ایل راہول کو پسند کرتے ہیں اور اگر سب کچھ ٹھیک رہا تو جوڑا اس سال کے آخر تک شادی کے بندھن میں بندھ جائے گا۔
یاد رہے کہ راہول اور اتھیا نے گزشتہ سال انسٹاگرام پر ایک تصویر شیئر کر کے اپنے رشتے کو آفیشل کر دیا تھا، تب سے اتھیا اپنی ذاتی اور پیشہ ورانہ زندگی کی دل چسپ تصاویر اور ویڈیوز اپنے مداحوں کے ساتھ شیئر کرتی رہتی ہیں، جن میں کے ایل راہول بھی موجود ہوتا ہے۔
واضح رہے کہ وکٹ کیپر بلے باز کے ایل راہول نے دسمبر 2014 میں آسٹریلیا کے خلاف باکسنگ ڈے ٹیسٹ سے انٹرنیشنل کرکٹ میں ڈیبیو کیا تھا، انھوں نے 2016 میں زمبابوے کے خلاف انٹرنیشنل ون ڈے کرکٹ اور گزشتہ سال اسی ٹیم کے خلاف ٹی 20 کرکٹ میں ڈیبیو کیا، فی الحال وہ بلے بازی کے ساتھ ساتھ ٹیم انڈیا کی وکٹ کیپنگ کی بھی ذمہ داری سنبھال رہے ہیں۔
دوسری طرف اتھیا شیٹی نے سلمان خان کی پروڈکشن میں بنی فلم ‘ہیرو’ سے بالی ووڈ میں قدم رکھا تھا، اس کے بعد اتھیا مبارکاں میں بھی نظر آئیں، حال ہی میں وہ فلم موتی چور چکنا چور میں نواز الدین صدیقی کے ساتھ نظر آ چکی ہیں۔