جمعرات, اپریل 24, 2025
اشتہار

لاہور چلڈرن اسپتال میں آتشزدگی کی تحقیقات شروع

اشتہار

حیرت انگیز

محکمہ صحت پنجاب نے لاہور کے چلڈرن اسپتال میں آگ کی تحقیقات کا آغاز کردیا ہے اور اس حوالے سے 6 رکنی انکوائری کمیٹی تشکیل دیدی ہے۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق محکمہ صحت پنجاب نے صوبائی دارالحکومت لاہور کے چلڈرن اسپتال میں آگ کی تحقیقات کا آغاز کردیا ہے اور اس حوالے سے 6 رکنی انکوائری کمیٹی تشکیل دیدی ہے اور ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ کےاسپیشل سیکرٹری کو 6 رکنی انکوائری کمیٹی کا سربراہ مقرر کیا گیا ہے۔

اس حوالے سے جاری کردہ مراسلے میں کہا گیا ہے کہ تحقیقاتی کمیٹی اسپتال میں آگ کیسے لگی، اسپتال انتظامیہ کیا اقدامات کرسکتی تھی اس کا تعین کیا جائے گا اور اسپتال میں لگے فائر الارم اور فائر فائٹنگ سسٹم کی تحقیقات کی جائے گی۔

تحقیقاتی کمیٹی آگ سے متاثرہ افراد اور اسٹاف سے بھی پوچھ گچھ کرے گی جب کہ آگ سے ہونے والے نقصان کا تخمینہ لگانے کے ساتھ ذمے داروں کا تعین کرکے کارروائی کا آغاز کیا جائے گا۔

محکمہ صحت نے انکوائری کمیٹی کو 3 روز میں تحقیقات مکمل کرکے رپورٹ جمع کرانے کی ہدایت کی ہے۔

واضح رہے کہ ہفتے کی صبح لاہور کے معروف چلڈرن اسپتال میں آتشزدگی کا واقعہ رونما ہوا ہے جس کے نتیجے میں فارمیسی مکمل طور پر جل کر راکھ کا ڈھیر بن گئی۔

 مزید پڑھیں: لاہور کے بڑے اسپتال میں خوفناک آتشزدگی، فارمیسی جل کر خاکستر

وزیر اعلی پنجاب حمزہ شہباز نے چلڈرن اسپتال میں آتشزدگی کے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے انکوائری کا حکم دیا تھا اور سیکریٹری صحت سے رپورٹ بھی طلب کی تھی۔

اہم ترین

حسن حفیظ
حسن حفیظ
حسن حفیظ ایک نوجوان صحافی ہیں اور اے آر وائی نیوز لاہور کے لئے صحت، تعلیم اور ایوی ایشن سے متعلق خبریں رپورٹ کرتے ہیں

مزید خبریں