منگل, جنوری 14, 2025
اشتہار

فرانس: آسمان سے اولے برس پڑے، خاتون ہلاک، ایفل ٹاور پر بجلی گر پڑی

اشتہار

حیرت انگیز

پیرس: فرانس میں طوفان باد و باراں کے باعث ایک خاتون ہلاک جب کہ 14 افراد زخمی ہو گئے ہیں، شہریوں نے ٹینس گیند جتنے اولوں کو برستے دیکھا۔

تفصیلات کے مطابق فرانس میں گرج چمک اور ژالہ باری کے دوران ایک خاتون ہلاک اور 14 افراد زخمی ہو گئے، طوفان کے باعث انگوروں کے باغات بھی تباہ اور پروازیں تاخیر کا شکار ہو گئیں۔

رپورٹس کے مطابق وسطی فرانس کو شدید طوفان، اور بارش کے ساتھ ژالہ باری نے گھیر لیا ہے، بارش کے دوران ٹینس بال کے سائز کے اولے پڑے، جس سے بڑے پیمانے پر عمارتوں اور گاڑیوں کو نقصان پہنچا۔

- Advertisement -

جنوب مغربی فرانس کے رہائشی ٹینس گیندوں کے سائز کے اولوں کی تصاویر آن لائن پوسٹ کر رہے ہیں، پیرس کے علاقے میں ڈرائیوروں نے بھی بجلیوں والے سیاہ بادلوں سے بھرے آسمان اور سیلاب زدہ سڑکوں کی تصاویر شیئر کیں۔

مقامی حکام کے مطابق ایفل ٹاور سے بھی آسمانی بجلی ٹکرائی، تاہم کوئی نقصان نہیں ہوا، پیرس کے مشرق میں آسمانی بجلی گرنے سے چھتوں کو آگ لگ گئی۔

ہفتے کے روز آنے والے طوفان کے بعد اتوار کو ہزاروں گھر بجلی سے محروم رہے، پیرس کے اورلی ہوائی اڈے سے باہر کی پروازیں ہفتے کے روز عارضی طور پر معطل کر دی گئیں، اور چارلس ڈی گال پر پروازوں میں تاخیر ہوئی۔

فرانسیسی وزیر داخلہ جیرالڈ درمانین نے ایک ٹویٹ میں کہا کہ سیلاب میں بہہ جانے والی ایک خاتون نارمنڈی شہر روئن میں ایک کار کے نیچے مردہ پائی گئی، خاتون کی موت کیسے اور کیوں واقع ہوئی، اس کی وجہ واضح نہیں ہوئی۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں