کراچی : ایم کیوایم پاکستان نے الیکشن کمیشن کی قانونی حیثیت کوچیلنج کردیا، جس پر عدالت نے درخواست پرفریقین کونوٹس جاری کردیئے۔
تفصیلات کے مطابق سندھ ہائی کورٹ میں ایم کیوایم پاکستان کی الیکشن کمیشن کی قانونی حیثیت کے خلاف درخواست پر سماعت ہوئی، دوران سماعت جسٹس جنیدغفار نے کہا عدالت سےرجوع کرنےمیں تاخیرکی گئی، نوٹیفکیشن اپریل اورمئی کےشروع کےایام کےہیں۔
عدالت کا کہنا تھا کہ ہم نے فریقین کو نوٹس جاری کیے ہے، حکم امتناع جاری نہیں کرسکتے، جس پر وکیل نے کہا کہ الیکشن 16 جون کو ہے، حکم امتناع جاری کردیں۔
عدالت نے نوٹیفکیشن فوری معطل کرنے سے انکارکردیا اور درخواست پر فریقین کونوٹس جاری کرتے ہوئے اٹارنی جنرل ، الیکشن کمیشن اوردیگر سے جواب طلب کرلیا۔
یاد رہے ایم کیو ایم پاکستان کی جانب سے آئینی درخواست ایم پی اے کنور نوید اور ڈسٹرکٹ میونسپل کارپوریشنز کے سابق چیئرمینز نے دائر کی، جس میں چیف الیکشن کمشنر اور الیکشن کمیشن پاکستان، الیکشن کمیشن سندھ، چیف سیکریٹری سندھ اور دیگر کو فریق بنایا گیا۔
درخواست میں کہا گیا ہے کہ بلدیاتی انتخابات کے شیڈول، ضلع کونسل کی حدود سمیت الیکشن کمیشن کے دیگر فیصلے غیر قانونی قرار دیئے جائیں۔