اسلام آباد: پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی کا کہنا ہے کہ ملک میں مجموعی طور پر 115 ملین انٹرنیٹ صارفین ہیں، جن میں 113 ملین (گیارہ کروڑ 30 لاکھ) موبائل انٹرنیٹ صارفین ہیں۔
تفصیلات کے مطابق آج بدھ کو پبلک اکاؤنٹ کمیٹی کا خصوصی اجلاس چیئرمین نور عالم خان کی زیر صدارت منعقد ہوا، جس میں چیئرمین پی ٹی اے سے مختلف معاملات میں استفسار کیا گیا۔
چیئرمین پی اے سی نے ان سے پوچھا کہ ایک بندہ 2 ہزار فیک اکاؤنٹس بنا کر ملک اور اداروں کے خلاف استعمال کرتا ہے، سوشل میڈیا پر فیک اکاؤنٹس کے معاملے پر پی ٹی اے کیا کر رہی ہے؟
چیئرمین پی ٹی اے نے کہا کہ ہم جعلی اکاؤنٹس کو رپورٹ کرتے ہیں، روزانہ 300 سے 400 فیک اکاؤنٹ رپورٹ کیے جاتے ہیں۔
مشاہد حسین سید نے چیئرمین پی ٹی اے سے سوال کیا کہ ملک میں اس وقت کتنے انٹرنٹ صارفین ہیں؟ انھوں نے جواب دیا کہ ملک میں مجموعی طور پر 11 کروڑ 50 لاکھ انٹرنیٹ صارفین ہیں، جن میں 11 کروڑ 30 لاکھ موبائل انٹرنیٹ صارفین ہیں۔