کراچی: شہر قائد میں وائرل ہونے والی ایک ویڈیو نے شہریوں کے دل دہلا دیے تھے جب یہ خبر پھیلی کہ مبینہ طور پر ایک بیٹے نے سوشل میڈیا ویوز کے لیے ماں کا بے دردی سے قتل کیا، اس حملے میں لڑکے کے والد بھی شدید زخمی ہو گئے تھے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق تین دن قبل 6 جون 2022 کو کراچی کے علاقے پاک کالونی کی حدود بڑا بورڈ میں رہائش پذیر 17 سالہ دانیال نامی لڑکے نے اپنے والد اکرام اور والدہ شمع بی بی کو لوہے کے راڈ سے شدید زخمی کر دیا تھا۔
جب محلے والوں کو واقعے کی خبر ہوئی تو انھوں نے گھر میں گھس کر زخمی والدین اور حملہ آور بیٹے کی ویڈیو بنا لی، جو اس وقت صرف ایک ٹراؤژر پہنے ہوئے تھا، زمین پر خون ہی خون پھیلا ہوا تھا اور والدہ کا سر پھٹ چکا تھا، جب کہ ان پر غنودگی بھی طاری ہو رہی تھی۔
یہ ویڈیو بعد ازاں سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی، اور پولیس کو بھی ایکشن لینا پڑا، ویڈیو کے ساتھ یہ خبر بھی پھیلائی گئی کہ بیٹے نے محض ویوز اور لائک لینے کے لیے ماں باپ کو زخمی کیا، جب اہل محلہ نے دونوں زخمیوں کو ملزم سے بچا کر طبی امداد کے لیے اسپتال پہنچایا تو ماں نے سر کی چوٹ سے زیادہ خون بہنے اور دماغ میں چوٹ گہری ہونے کی وجہ سے بعد ازاں اسپتال میں دوران علاج دم توڑ دیا۔
تاہم کیماڑی پولیس نے ایسی تمام خبروں کی تردید کر دی ہے، پولیس کا کہنا ہے کہ خبر میں حقائق کو توڑ مروڑ کر پیش کیا گیا ہے، زخمی ہونے والے والد اور والدہ الحمداللہ حیات ہیں اور کوئی بھی فوت نہیں ہوا۔
دوسری طرف لڑکے دانیال کے والدین نے علاقہ تھانہ میں بیان ریکارڈ کروایا ہے کہ ان کا بیٹا ذہنی مریض ہے، والد نے پولیس کو بیان دیا کہ ان کے بیٹے نے جان بوجھ کر ویڈیو کے لیے ان پر حملہ نہیں کیا، بلکہ وہ بیماری کے اثرات میں تھا۔