کراچی : رکن قومی اسمبلی ڈاکٹرعامرلیاقت کے پوسٹ مارٹم کےلیے 3رکنی بورڈ قائم کردیا گیا ، پوسٹ مارٹم کے بعد ان کی موت کی وجہ کا تعین ہوسکے گا۔
تفصیلات کے مطابقرکن قومی اسمبلی ڈاکٹرعامر لیاقت حسین کا جسد خاکی جناح اسپتال پہنچا دیا گیا ، کچھ دیر کے بعد ڈاکٹرعامر لیاقت حسین کا پوسٹ مارٹم کیا جائے گا۔
ڈاکٹرعامرلیاقت کے پوسٹ مارٹم کے لیے3رکنی بورڈقائم کردیا گیا ہے ، پولیس سرجن ڈاکٹرسمعیہ کی سربراہی میں بورڈ قائم کیا گیا ہے۔
ذرائع محکمہ صحت کا کہنا ہے کہ بورڈ میں 2 میل میڈیکو لیگل افسران بھی شامل ہوں گے۔
یاد رہے رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر عامر لیاقت حسین انتقال کر گئے ، ایس ایس پی ایسٹ کا کہنا ہے کہ ڈاکٹر عامر لیاقت کی موت کی وجہ کا تعین پوسٹ مارٹم کے بعد ہوگا۔
ذرائع نے بتایا تھا کہ ملازم کمرے کے اندر گئے تو ڈاکٹر عامر لیاقت بیہوش تھے، ملازم نے ڈاکٹر عامرلیاقت کو اسپتال منتقل کیا ،ان کے گھر میں دھواں بھرا ہوا تھا، جس کے باعث ممکن ہے ان کی موت دم گھٹنے کی وجہ سے ہوئی۔
ذرائع کا کہنا تھا کہ رکن قومی اسمبلی عامر لیاقت کو گذشتہ رات دل میں تکلیف کی شکایت ہوئی تھی ، صبح بھی تکلیف میں اضافہ ہوا لیکن وہ اسپتال نہیں گئے ، رکن قومی اسمبلی رات بھر روتے بھی رہے۔
ذرائع کے مطابق پوسٹ مارٹم کے حوالے سے انکی فیملی سے بھی رابطے میں مشکلات کا سامنا ہے ، دو بیوں کو چھوڑ چکے جبکہ تیسری بیوی نے خلع دائر کی ہوئی ہے تاہم عامر لیاقت کے بچوں سے رابطہ کیا جارہا ہے۔
دوسری جانب ایس ایس پی ایسٹ اور کرائم سین یونٹ کی ٹیم ڈاکٹر عامر لیاقت کے گھر پرموجود ہے، جہاں تفتیش جاری ہے۔