ناٹنگھم: نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کو انگلینڈ کے خلاف دوسرے ٹیسٹ سے قبل جھٹکا لگا ہے، نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیمسن کا کرونا ٹیسٹ مثبت آ گیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق کپتان ولیمسن کرونا وائرس کا شکار ہو گئے ہیں جس کے باعث وہ ناٹنگھم میں آج سے ٹینٹ برج میں شروع ہونے والا دوسرا ٹیسٹ نہیں کھیلیں گے۔
کپتان ولیمسن نے جمعرات کو معمولی علامات کا سامنا کرنے کے بعد ریپڈ اینٹیجن ٹیسٹ (RAT) کروایا، نتیجہ مثبت آنے پر اب وہ پانچ دن کے لیے آئسولیشن میں چلے گئے ہیں۔
نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے کوچ گیری اسٹیڈ نے کہا ہے کہ کین کی جگہ ٹام لیتھم نیوزی لینڈ ٹیم کی قیادت کریں گے، جب کہ اس میچ میں مائیکل بریسویل کو ٹیسٹ کیپ ملے گی۔
ہمیش ردرفورڈ، جو اس وقت لیسٹر شائر کے لیے کاؤنٹی کرکٹ کھیل رہے ہیں، کو نیوزی لینڈ نے ڈرافٹ کر لیا ہے اور وہ جمعے کی صبح ناٹنگھم میں اسکواڈ کو جوائن کریں گے۔
نیوزی لینڈ کے ہیڈ کوچ گیری اسٹیڈ نے کہا کہ یہ کین کے لیے بہت پریشان کن بات ہے کہ اتنے اہم میچ کے موقع پر وہ دستیاب نہیں ہوں گے، ہمیں احساس ہے کہ وہ کتنے مایوس ہوں گے۔
واضح رہے کہ انگلینڈ کو 3 ٹیسٹس کی سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل ہے۔