واٹس ایپ کے ڈیلیٹ شدہ میسجز کے حوالے سے خبریں صارفین نے ہمیشہ دل چسپی سے پڑھی ہیں، اور وہ ہمیشہ یہ سوال کرتے رہے ہیں کہ کیا کبھی واٹس ایپ پر ڈیلیٹ کیے گیے میسجز کی واپسی ممکن ہوگی؟
خوش خبری ہے کہ دنیا کی مقبول ترین میسیجنگ ایپلی کیشن اب اس نئے فیچر پر بھی کام کرنے لگی ہے، جب کہ میسیج کو ایڈٹ کرنے کے فیچر پر کام پہلے ہی سے جاری ہے۔
ویب ایٹ انفو کے مطابق واٹس ایپ کے اس فیچر پر کام ہو رہا ہے، جسے ممکنہ طور پر اگلے چند ہفتوں میں آزمائشی بنیادوں پر متعارف کرا دیا جائے گا، جس کے تحت غلطی سے ڈیلیٹ کیا گیا میسیج یا دوسرا مواد واپس حاصل کیا جا سکے گا۔
رپورٹ کے مطابق اس فیچر پر اکتوبر 2021 سے کام ہو رہا تھا لیکن دیگر فیچرز کی وجہ سے اس فیچر پر کام تاخیر کا شکار ہو گیا، مگر اب اس پر کام تیز کر دیا گیا ہے۔
واٹس ایپ ’میسیج ایڈٹ‘ کے فیچر کو بھی متعارف کرانے جا رہا ہے، اس فیچر کے تحت صارفین کے پاس یہ آپشن ہوگا کہ بھیجے گئے میسیج کو وہ ایڈٹ کر سکیں گے۔
ایک اور فیچر کے تحت واٹس ایپ اسٹیسٹس پر شیئر کیے گئے لنک کا پریویو بھی کیا جا سکے گا، واٹس ایپ بِیٹا کی جانب سے ایک اسکرین شاٹ شیئر کیا گیا تھا، اسکرین شاٹ میں واضح طور پر موجودہ ٹیکسٹ اسٹیٹس اپ ڈیٹ اور آزمائشی مراحل سے گزرنے والے فیچر میں فرق دیکھا جا سکتا ہے۔
تاہم یہ ابھی بھی تکمیل کے مراحل میں ہے اور سب سے پہلے یہ بیٹا ٹیسٹرز کو مہیا کیا جائے گا، اس بارے میں کچھ نہیں کہا جا سکتا کہ یہ عام صارفین کے لیے کب دستیاب ہوگا۔