لاہور: اسپیکرپنجاب اسمبلی پرویزالہٰی نے ق لیگ میں اختلافات کی خبروں کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہم آپس میں مل بیٹھ کر معاملات حل کرلیں گے۔
تفصیلات کے مطابق اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الہٰی نے برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا ایسا نہیں ہو سکتا جس کا جودل کرے وہ مرضی سے فیصلہ کرے، مسلم لیگ(ق)میں کوئی اختلافات نہیں، جوپارٹی فیصلہ کرےگی ویسا ہی ہو گا ، ہم آپس میں بیٹھ کر معاملات حل کر لیں گے۔
چوہدری پرویز الہٰی نے بتایا کہ ہم کسی پارٹی میں شمولیت اختیار نہیں کر رہے اور نہ ہی کوئی کہیں جا رہا ہے، میری شجاعت حسین سے بات ہوئی ہے، شجاعت حسین نے کہا وہ کوئی ایسا فیصلہ نہیں کریں گے جومناسب نہ ہو۔
شہباز شریف پر تنقید کرتے ہوئے مسلم لیگ ق کے رہنما کا کہنا تھا کہ شہباز شریف نے چوہدری شجاعت کےبیٹے شافع کو مشیر لگانے کی جھوٹی امید دلائی اور ہمیں کہا جاتا ہے کہ دس سیٹوں کی پارٹی بلیک میل کرتی ہے ،پرویزالہٰی
انھوں نے کہا کہ پاکستان کی سیاست ہماری پارٹی کی سیاست کےگردگھوم رہی ہے، جن کے پاس 170 سیٹیں تھیں وہ ادھر ادھر پھر رہے ہیں ، چند سیٹیں ہونے کے باوجود لوگ ہمارے پاس آتے ہیں۔
آصف زرداری کے حوالے سے چوہدری پرویزالہٰی کا کہنا تھا کہ آصف زرداری نے ہی ان کو ایسی جگہ لا کر کھڑا کیاکہ یہ لاوارث ہوگئے ، حمزہ شہباز کے پاس آج بھی نمبر پورے نہیں، جس طرح انھوں نے الیکشن کرایا سب نے دیکھا،اسمبلی کا تقدس پامال کیا گیا۔
پرویز الہٰی نے مزید کہا کہ ابھی تو انھوں نے بجٹ بھی پیش کرنا ہے، بجٹ کیلئےانھیں بندے پورے کرنے کی ضرورت پڑےگی، اخلاقی طور پر انھیں چاہیے کہ وہ پیچھے ہٹ جائیں۔
سالک حسین کی سیٹ کے حوالے سے اسپیکر پنجاب اسمبلی نے بتایا سالک حسین کو چکوال سے میں نے سیٹ نکلوا کردی، اب حلقے والے سالک حسین کو ڈھونڈتے ہیں کہ وہ جیتنے کے بعد کہاں گئے۔
عمران خان سے متعلق مسلم لیگ ق کے رہنما کا کہنا تھا کہ اس میں کوئی شک نہیں عمران خان کامیاب ہوں گے ، تبدیلی آئےگی اورنظام بہتر ہوگا، خان صاحب ایک ایک حلقے میں جائیں گے اور لوگوں سے کہیں گے ملک دشمن اورلوٹوں کوووٹ نہ دیں۔
مسلم لیگ ن کی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے پرویز الہٰی نے کہا کہ شہبازشریف کی حکومت صرف2ووٹوں پرقائم ہے، ان کواپنی بقامشکل نظرآرہی ہے، شہبازشریف نے15سال میں ہمارےعلاقےمیں کوئی کام نہیں کرایا اور جب کام ہواتولوگوں کواحساس ہواپی ٹی آئی کا ساتھ نہ دے کرغلطی کی۔
ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کےآنے سےدیہاتوں میں خوشحالی آئی، خواتین کہتی ہیں اب پی ٹی آئی اور ق لیگ کےسواکسی کوووٹ نہیں دینا۔
نواز اور مریم سے متعلق اسپیکر پنجاب اسمبلی نے کہا کہ نوازشریف اور مریم کواندازہ ہوگیا زرداری کی سیاست نے ان کی پارٹی میں تباہی پھیردی، اصل میں زرداری صاحب شہبازشریف کوگھسیٹ رہے ہیں اور شہباز شریف کو لاوارث کردیا ہے۔