لاہور : سی سی پی او بلال صدیق کمیانہ نے پنجاب اسمبلی سمیت شہر کی سیکیورٹی ہائی الرٹ کرنے کی ہدایت کردی۔
تفصیلات کے مطابق سی سی پی او بلال صدیق کمیانہ نے بجٹ اجلاس کے پیش نظر پنجاب اسمبلی عمارت اوراطراف سخت سیکیورٹی کی ہدایت کردی ہے۔
بلال صدیق کمیانہ نے پنجاب اسمبلی سمیت شہر کی سیکیورٹی ہائی الرٹ کر نے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ امن و امان برقرار رکھنا اور شہریوں کے جان و مال کی حفاظت اولین ترجیح ہے۔
سربراہ لاہور پولیس کا کہنا تھا کہ کسی کو شہر کا امن متاثر کرنے کی ہر گز اجازت نہیں دیں گے،کسی غیرمتعلقہ شخص یاگاڑی کوپنجاب اسمبلی کےاحاطے میں داخل نہ ہونے دیا جائے۔
خیال رہے پنجاب کانئےمالی سال کا بجٹ آج پیش کیا جائے گا، سرداراویس لغاری بجٹ پیش کریں گے، بجٹ کی منظوری کے لیے پنجاب کابینہ کا اجلاس کچھ دیر بعد ہوگا۔
بجٹ کا کل تخمینہ 2850 ارب روپے لگایا گیا ہے، پنجاب کے بجٹ میں کوئی نیا ٹیکس نہیں لگایا جایا جائے گا جبکہ سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں 15 اور پنشن میں 5 فی صد اضافے کا امکان ہے۔
بجٹ میں لیپ ٹاپ اسکیم دوبارہ شروع کرنے، اور کم آمدنی والوں کو سولر آلات دینے کی تجویز ہے، آٹا، گھی، چینی پر 200 ارب روپے سبسڈی دینے کا امکان ہے، بجٹ میں ترقیاتی کاموں کے لیے 683 ارب 50 کروڑ روپے مختص کیے جائیں گے۔