اسلام آباد : تحریک انصاف کے سینئر رہنما فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ شہبازشریف ڈیل کرکے وزیراعظم بنے اور نوازشریف ڈیل کی کوشش کر رہےہیں ابھی تک واپسی کی اجازت نہیں ملی۔
تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کے سینئر رہنما فواد چوہدری نے اے آر وائی نیوز کو خصوصی انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ شہباز شریف ڈیل کرکے ہی وزیراعظم بنے ہیں، ڈیل کے بغیر تو شہبازشریف پاکستان بھی نہیں آسکتے تھے، شہبازشریف کا اپنا کوئی موقف نہیں اس لئے ان سے ڈیل ہوجاتی ہے۔
فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ ان سے ملک نہیں چل رہا اور نہ ہی چلنا ہے، نوازشریف ڈیل کی کوشش کر رہے ہیں ابھی تک واپسی کی اجازت نہیں ملی، ہم نے نہیں ،روکنے والوں نے نوازشریف کوروکنا ہے۔
تحریک انصاف کے سینئر رہنما نے کہا کہ ن لیگ کہتی ہیں زرداری سے ڈیل ہوگئی تو نواز شریف سے بھی کریں لیکن نوازشریف نے کبھی ڈیل کے بغیر نہیں آنا ہے، نوازشریف میں عمران خان والا حوصلہ نہیں کہ کھڑے ہوسکیں۔
عام انتخابات کے حوالے فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ امید ہے راستہ نکلے گا اور اکتوبر میں انتخابات ہوجائیں گے۔
مارچ میں تاخیر سے متعلق انھوں نے کہا کہ عمران خان حکمت عملی کےتحت احتجاج میں تاخیر کررہےہیں، احتجاج کی طاقت صرف پی ٹی آئی کے پاس ہے جب چاہیں کریں گے۔
عمران خان کی گرفتاری کے بیان پر فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ عمران خان کو گرفتار کرنا راناثنااللہ کی بھڑکیں ہی ہیں، ان کو گرفتار کرنے کی خواہش والےکو پاگل خانے جانا چاہیے۔
موجودہ حکومت کے حوالے سے رہنما پی ٹی آئی نے کہا کہ حکمران اتحاد خود اپنے لیے خطرہ ہے، ان کو ہٹانے کیلئے زیادہ کوشش کی ضرورت نہیں ، ہم نے پہلے دن ہی ضرورت سے زیادہ کوشش کرلی، آرام سےکریں تویہ حکومت ویسےہی گرجائےگی۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ اگر یہ 4،3 ماہ مزید حکومت کرلیں تو ہمیں سیاسی طور پر کیا فرق پڑتا ہے،اس حکومت کی تو کمر ٹوٹ گئی ہے، شہباز شریف نے جس گرینڈ ڈائیلاگ کاکہا وہ معیشت پرتو نہیں ہوسکتے، چارٹرمعیشت پر نہیں سیاست پر ہوتے ہیں۔
سینئر رہنما نے سوال کیا کہ کیا میڈیا کےانقلاب میں کوئی ادارہ سیاسی کردارجاری رکھ پائےگا، یہ ٹیکنالوجی کا دورہ ہے عام آدمی تک ہر خبر فوری پہنچ جاتی ہے۔
فواد چوہدری نے کہا کہ ملک میں بہتری لانی ہیں تو صوبائی اسمبلیاں ختم کرنا پڑیں گے، ڈویثرنل گورنرز آجائیں اور این ایف سی ایوارڈز ان کو دیئےجائیں، پہلے سال کوشش کی بلدیاتی الیکشن ہوجائیں ، صوبوں نے ہونےنہ دیا، پنجاب میں بھی ہمارے اپنےوزیراعلیٰ نےبلدیاتی الیکشن نہیں ہونے دیے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں گورننس وزیراعظم نہیں وزرائے اعلیٰ کرتے ہیں، وزیراعلیٰ کےپاس پیسہ وفاق سے زیادہ ہوتا ہے، وفاق تو قرض پرکام چلاتا ہے۔
دفاعی بجٹ کے حوالے سے سابق وزیر نے کہا کہ فوج نےبڑی قربانی دی ہے کہ ہرسال ان کا بجٹ کم ہورہاہے، فوج کا بجٹ کم ہورہاہے اورخطرات بڑھ رہے ہیں۔
شہباز شریف سے متعلق فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ شہبازشریف کیوں فیل ہوگئے کیونکہ وفاقی وزراکی کوئی حیثیت ہی نہیں، 19صوبوں والا کام زرداری اورنوازشریف تونہیں ہونے دیں گے، زرداری نے سندھ اورنوازشریف نے پنجاب اپنی سلطنت بنائی ہوئی ہے۔
رہنما پی ٹی آئی نے مزید کہا کہ ملک کو اگلے 30 سال کے لیے بلاول اور مریم کے حوالے نہیں کرسکتے،عوام اور اداروں میں اتفاق ہے کہ یہ ملک بلاول اور مریم کے حوالے نہیں ہوسکتا۔