بہار: بھارت میں جانوروں کے ڈاکٹر کو علاج کے بہانے بلا کر زبردستی شادی کروادی گئی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق یہ واقعہ بھارتی ریادست بہار کے ضلع بیگو سرائے میں پیش آیا ہے جہاں ستیم کمار نامی ڈاکٹر کو اپنے مویشیوں کے علاج کے بہانے بلا کر زبردستی ایک خاتون سے شادی کروادی گئی۔
متاثرہ خاندان کا کہنا ہے کہ ستیم کمار کو نواحی گاؤں کے رہائشی نے اپنے مویشیوں کے علاج کیلئے فون کرکے بلایا، جس کے بعد بیٹا فوری طور پر گھر سے نکل گیا، لیکن شام تک بیٹا گھر واپس نہ آیا اور نہ ہی کوئی اطلاع ملی تو ہم نے پولیس میں رپورٹ درج کروادی، اور بیٹے کی تلاش شروع کردی۔
ستیم کمار کے والد نے کہا کہ اگلے روز مجھے موبائل فون پر ایک ویڈیو کلپ موصول ہوا، جس میں میرے بیٹے کی ایک خاتون کے ساتھ شادی کروائی جارہی تھی۔
یہ بھی پڑھیں: شادی کا جھانسہ دے کر بلایا جانے والا نوجوان اغوا
پولیس کا کہنا ہے کہ ہمیں پکڑوا شادی (شادی کے لیے اغوا) سے متعلق ایک شکایت موصول ہوئی ہے، واقعے کی مکمل تفتیش کی جارہی ہے ہم تمام زاویوں سے معاملہ کی تحقیقات کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ لڑکے کا اپنی مرضی سے شادی کرنے کو بھی خارج از امکان قرار نہیں دیا جا سکتا۔