جمعہ, دسمبر 27, 2024
اشتہار

فٹبال ورلڈ کپ 2026 کن شہروں میں ہوگا؟ اعلان ہو گیا

اشتہار

حیرت انگیز

فیفا نے فٹبال ورلڈ کپ 2026 کے لیے میزبان شہروں کا اعلان کر دیا۔

تفصیلات کے مطابق فٹبال کی عالمی گورننگ باڈی، فیفا نے جمعرات کو اعلان کیا ہے کہ 2026 کے ورلڈ کپ کے میچز 11 امریکی شہروں کے ساتھ ساتھ میکسیکو کے 3 میزبان مقامات اور 2 کینیڈا کے شہروں میں منعقد ہوں گے۔

فیفا کے مطابق فٹبال ورلڈ کپ 2026 کے میچز مجموعی طور پر تین ممالک امریکا، میکسیکو اور کینیڈا کے 16 شہروں میں ہوگا۔

- Advertisement -

ان 16 میزبان شہروں میں اٹلانٹا، بوسٹن، ڈلاس، گواڈالاجارا، ہیوسٹن، کنساس سٹی، لاس اینجلس، میکسیکو سٹی، میامی، مونٹیری، نیویارک/نیو جرسی، فلاڈیلفیا، سان فرانسسکو، سیاٹل، ٹورنٹو اور وینکوور شامل ہیں۔

تاہم فیفا حکام اس کا فیصلہ بعد میں کریں گے کہ 16 میں سے کون سا شہر گروپ پلے کی میزبانی کرے گا، اور کون ایلیمینیشن راؤنڈ میچوں کی میزبانی کرے گا۔

فیفا کے صدر گیانی انفنٹینو نے اس سلسلے میں جاری بیان میں مذکورہ شہروں کو ورلڈ کپ کی میزبانی پر مبارک باد پیش کی، اور ان کے جذبے کو سراہا، انھوں نے کہا یہ ممالک اور شہر مل کر اس ورلڈ کپ کو زمین کا سب سے بڑا شو بنا دیں گے۔

انھوں نے کہا ہم فٹبال کو حقیقی معنوں میں عالمی بنانے کی کوشش کر رہے ہیں، اس سلسلے میں یہ ورلڈ کپ گیم چینجر ثابت ہوگا۔

خیال رہے کہ 2026 کا مردوں کا ورلڈ کپ پہلا ایڈیشن ہوگا، جس میں 48 ٹیمیں حصہ لیں گی اور یہ پہلا موقع ہے جب 3 ممالک میں میچ کھیلے جائیں گے۔

امریکا 1994 میں پہلی بار ورلڈ کپ کی میزبانی کے بعد دوسری بار میزبانی کرنے جا رہا ہے، اور میکسیکو کے لیے یہ ریکارڈ تیسری بار ہوگا، اس نے 1970 اور 1986 میں بھی میزبانی کی تھی، جب کہ کینیڈا میں پہلی بار مردوں کے ورلڈ کپ کا کوئی میچ منعقد ہوگا، اگرچہ کینیڈا نے 2015 میں خواتین کے عالمی کپ کی میزبانی کی تھی۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں