ریاض: سعودی عرب میں ہوم ڈیلیوری سروس کے شعبے میں نوجوانوں کو ماہانہ تین ہزار ریال تنخواہ دی جائے گی۔
تفصیلات کے مطابق سعودی اداروں اور عمل المستقبل کمپنی نے ہوم ڈیلیوری سروس میں سعودی نوجوانوں کو ملازمت دلانے کے لیے نئے اقدام کا اعلان کیا ہے، جس میں انھیں ماہانہ تین ہزار ریال دیے جائیں گے۔
اس سلسلے میں سعودی وزارت افرادی قوت، فروغ افرادی قوت فنڈ (ہدف) انفارمیشن ٹیکنالوجی اینڈ کمیونیکیشن اتھارٹی اور عمل المستقبل کمپنی نے ایک مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے۔
مذکورہ اداروں نے طے کیا تھا کہ جو سعودی نوجوان اپنے طور پر اسمارٹ فون ایپ کے ذریعے ہوم ڈیلیوری سروس میں حصہ لیں گے اور درکار انتظامات کریں گے انھیں ماہانہ تین ہزار ریال زر اعانت کے طور پر دیے جائیں گے۔
پروگرام کے آغاز سے 24 ماہ تک یہ سہولت دی جائے گی تاکہ اس دوران ہوم ڈیلیوری سروس سے منسلک سعودی لڑکیاں اور لڑکے اپنے قدموں پر کھڑے ہو سکیں۔
اداروں نے یہ اقدام پرائیویٹ سیکٹر میں سعودی نوجوانوں کو روزگار دلانے اور روزگار کا اہل بنانے کی وسیع تر قومی پالیسی کے تحت کیا ہے۔
ہدف کا کہنا ہے کہ تین ہزار ریال زراعانت اس شرط پر دیا جائے گا کہ امیدوار سعودی شہری ہو، اور وہ روزگار گیٹ سے آزادانہ کام (عمل حر) کا پرمٹ جاری کرا چکا ہو، اس کی عمر 18 سال سے کم نہ اور 60 سال سے زیادہ نہ ہو۔
درخواست گزار کے لیے ضروری ہے کہ وہ سرکاری ملازم نہ ہو، نہ کسی پرائیویٹ ادارے میں کام کر رہا ہو، گاڑیوں کے ڈرائیور بھی روزگار گیٹ وزٹ کر کے زراعانت کے لیے درخواست دے سکتے ہیں۔