اسلام آباد : وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز 41 کروڑ43 لاکھ روپے کے اثاثوں ، سابق وزیراعلیٰ عثمان بزدار 5 کروڑ 80 لاکھ سے زائد اثاثوں اور اسپیکر پنجاب اسمبلی پرویز الٰہی 23 کروڑ 14 لاکھ کے اثاثوں کے مالک نکلے۔
تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن نے پنجاب اسمبلی اراکین کے اثاثوں کی تفصیلات جاری کردیں ، جس میں بتایا گیا کہ وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز 41 کروڑ43 لاکھ روپے کے اثاثوں کے مالک ہیں۔
الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ وزیراعلی پنجاب نے 13 کروڑ64 لاکھ روپےکے 11 رہائشی گھر ظاہر کئے، ان کی 3 زرعی زمین کی مالیت 3 کروڑ97 لاکھ روپے ہے جبکہ انھوں نے خود کو 9کروڑ71 لاکھ روپے کا مقروض ظاہر کیا۔
حمزہ شہباز کی پہلی اہلیہ مہروالنسا50 لاکھ روپے کے اثاثوں کی مالک اور حمزہ شہباز کی دوسری اہلیہ رابعہ حمزہ 3 کروڑ74 لاکھ روپے کے اثاثوں کی مالک نکلی۔
سابق وزیراعلیٰ عثمان بزدار 5 کروڑ 80 لاکھ سے زائد اثاثوں کے مالک ، علیم خان ایک ارب 70 کروڑ سے زائد اثاثوں کے ، سابق صوبائی وزیرمراد راس 38 لاکھ روپے کے اثاثوں اور میاں محمود الرشید 18 کروڑ سے زائد کے اثاثوں کے مالک ہیں۔
الیکشن کمیشن کے مطابق اسپیکر پنجاب اسمبلی پرویز الٰہی 23 کروڑ 14 لاکھ کے اثاثوں کے مالک نکلے ، پرویز الٰہی نے 6کروڑ سے زائد کی غیر زرعی زمین ملکیت اور فلور مل کی مالیت 99 لاکھ روپے ظاہر کی جبکہ پرویز الٰہی کی اہلیہ 10 کروڑ کے اثاثوں کی مالک ہیں۔
اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی سبطین خان کے اثاثوں کی مالیت ایک کروڑ سے زائد ہیں ، سبطین خان نے زرعی اراضی کی مالیت ظاہر نہیں کی جبکہ صوبائی وزیر اویس لغاری 44 کروڑ کے اثاثوں کے مالک ہیں۔
رکن پنجاب اسمبلی حنا پرویز بٹ نے 9 کروڑ94 لاکھ کے اثاثے ظاہر کئے ، حنا پرویز بٹ کو2 عدد گھر تحفے میں ملے تاہم تحفے میں ملنے والے گھروں کی مالیت ظاہر نہیں کی۔
رکن پنجاب اسمبلی ثانیہ عاشق نے 35 لاکھ مالیت کے اثاثے ظاہر کئے، عظمیٰ بخاری 24 لاکھ روپے مالیت کی اثاثوں کی مالک ہیں ، ان کے پاس 70تولہ سونا بھی ہے۔
ڈپٹی اسپیکر دوست محمد مزاری 2 کروڑ سے زائد اثاثوں اور سابق وزیرصحت یاسمین راشد 2 کروڑسے زائد مالیت کے اثاثوں کی مالک ہیں۔