پشاور : خیبرپختونخوا حکومت نے جمعے کے دن ملازمین کے گھرسے کام کرنے سے متعلق کمیٹی قائم کردی، کمیٹی عمل درآمد اور نگرانی کے طریقہ کار پرسفارشات مرتب کرے گی۔
تفصیلات کے مطابق خیبر پختونخواہ حکومت نے ملک کو درپیش توانائی کے بحران میں بجلی بچانے کے لیے جمعے کے دن گھر سے کام کرنے کی پالیسی پر عمل درآمد اور طریقہ کار کو حتمی شکل دینے کے لیے ایک کمیٹی تشکیل دے دی۔
تین رکنی کمیٹی سے متعلق محکمہ خزانہ کے پی نے اعلامیہ جاری کردیا ، جس میں کہا کہ جمعہ کو ’’ورک فرام ہوم ڈے‘‘ کے طور پر منانے کا فیصلہ صوبائی کابینہ کے خصوصی اجلاس میں کیا گیا۔
تین رکنی کمیٹی کی سربراہی سیکرٹری خزانہ کریں گے جبکہ سیکرٹری ماحولیات، جنگلی حیات اور محکمہ جنگلات کے ممبران کمیٹی میں شامل ہوں گے۔
کمیٹی عمل درآمد اور نگرانی کے طریقہ کار پرسفارشات مرتب کرے گی۔
یاد رہے رواں ماہ کے آغاز میں وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کے اجلاس میں ہفتے کی چھٹی کو بحال کردی تھی جبکہ جمعہ کے روز ورک فرام ہوم کی تجویز سامنے آئی تھی۔
کابینہ اجلاس میں مارکیٹوں کو جلدبند کرنے کے حوالے سے بھی تجاویز آئی تاہم مارکیٹوں پر فیصلہ صوبوں ،تاجروں سےمشاورت کے بعد کیا جائے گا۔
انھوں نے بتایا کہ موجودہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے اقدامات جاری ہے، آنےوالے سال میں دیگر ذرائع سے بھی بجلی پیدا کریں گے۔
خیال رہے پاکستان کو بجلی کی پیداوار میں 7000 میگاواٹ کی کمی کا سامنا ہے، ملک میں 35,000 میگاواٹ بجلی پیدا کرنے کی صلاحیت ہے اور گرمی کے موسم میں اس کی طلب 27,000 میگاواٹ تک پہنچ جاتی ہے۔