پیر, نومبر 18, 2024
اشتہار

چھٹی قسط: پُر اسرار ہیروں والی گیند اور دہشت بھری دنیا

اشتہار

حیرت انگیز

نوٹ: یہ طویل ناول انگریزی سے ماخوذ ہے، تاہم اس میں کردار، مکالموں اور واقعات میں قابل ذکر تبدیلی کی گئی ہے، یہ نہایت سنسنی خیز ، پُر تجسس، اور معلومات سے بھرپور ناول ہے، جو 12 کتابی حصوں پر مشتمل ہے، جسے پہلی بار اے آر وائی نیوز (ویب سائٹ) کے قارئین کے لیے پیش کیا جا رہا ہے۔

اندر گھپ اندھیرا تھا، ماحول میں عجیب سی گھٹن تھی۔ انھیں اندر جاتے ہی سردی کا احساس ہوا۔ فیونا کی آواز آئی "اس دیوار کو دیکھو، اس میں کتنے بڑے بڑے پتھر لگائے گئے ہیں۔ ایک ایک پتھر ہاتھی جتنا ہے۔ پتا نہیں، وہ یہ کیسے اٹھا کر لائے ہوں گے۔”
پانچویں قسط: پُر اسرار ہیروں والی گیند اور دہشت بھری دنیا
وہ دونوں مڑے۔ فیونا دیوار کو ہاتھوں سے چھو رہی تھی۔ آہستہ آہستہ انھیں اندھیرے میں چیزیں نظر آنے لگیں۔ وہ ایک دیوار کے قریب کھڑے تھے۔ دانیال بولا "یہ دیوار کائی زدہ ہے، اور وہ دیکھو، وہاں بھی دیوار پر گارگوئل کے بدنما سر لگے ہوئے ہیں۔ یہ تو رہنے کے لیے ایک خوف ناک جگہ ہے، یہاں تو دیواروں پر مکڑی کے جالوں اور چوہوں کے سوا کچھ بھی نہیں ہے۔”

فیونا اپنے کپڑے سمیٹ کر بولی "مجھے مکڑی کے جالوں اور مکڑیوں سے سخت نفرت ہے۔”

- Advertisement -

"اور مجھے چوہے ناپسند ہیں۔” جبران بولا "امید ہے کہ مجھے چوہے دیکھنے کو نہیں ملیں گے۔”

"لیکن یہاں بہت سارے چوہے ہیں۔” انھیں دانیال کی آواز ذرا فاصلے سے آتی ہوئی محسوس ہوئی، اور وہ دونوں تیزی سے مڑے، اور پھر ان کی آنکھوں میں حیرت دوڑ گئی۔ اب ان کی آنکھیں بھی اندھیرے سے مانوس ہو گئی تھیں۔ وہ ایک بہت بڑے ہال نما کمرے میں کھڑے تھے جس کی چھت بے حد اونچی تھی۔ وہ تینوں سر اٹھا کر چھت کی طرف دیکھنے لگے۔ عین اسی وقت ایک کونے میں لومڑ دکھائی دیا۔ فیونا کے منھ سے چیخ نکل گئی۔ وہ دوڑ کر جبران کے پیچھے چھپ گئی۔

"یہ کیا ہے؟ کیا یہ چوہا ہے؟” اس نے ڈرتے ہوئے پوچھا۔

"اب ڈرو نہیں، وہ جا چکا ہے۔ بہرحال وہ چوہا نہیں لومڑ تھا لیکن حیرت ہے کی بات یہ ہے کہ وہ آیا کہاں سے تھا؟” جبران نے کونے کی طرف دیکھتے ہوئے کہا۔ تینوں اسی طرف دیکھنے لگے اور پھر انھیں اچانک نیچے جاتی ہوئی سیڑھیاں نظر آ گئیں۔ "میرا خیال ہے اب ہمیں واپس گھر جانا چاہیے کیوں کہ بہت دیر ہو گئی ہے۔ نیچے جانا مناسب نہیں ہوگا، پتا نہیں یہاں کیا ہو!” جبران بولا، اس کے لہجے میں تشویش کی لہر تھی۔

فیونا نے اس کا ہاتھ پکڑ لیا۔ "ہم واپس نہیں جائیں گے، تم ڈرو مت، یہ دیکھو دیوار پر مشعل موجود ہے۔”

"کیا یہ اب بھی کام کرتی ہوگی؟” دانیال نے حیرت سے پوچھ لیا۔ جبران نے کہا "اس کا تو ابھی پتا چل جائے گا۔” اور آگے بڑھ کر مشعل کے دستے پر ہاتھ جمایا۔ "چچ…. لکڑی کے دستے پر کوئی سیاہ لیس دار مادہ لگا ہوا ہے، کیا تم میں سے کسی کے پاس ماچس ہے؟”وہ مڑ کر ان دونوں کی طرف دیکھنے لگا۔ فیونا نے برا سا منھ بنا کر کہا "ہمارے پاس ماچس کیوں ہونے لگی بھلا؟ تمھیں پتا ہے میری ممی سگریٹ نوشی نہیں کرتیں۔”

"اوہ، معذرت خواہ ہوں۔” جبران نے جلدی سے کہا اور اپنی پینٹ کی جیب پر ہاتھ مار کر بولا "یہ رہی میرے پاس، صبح پاپا نے ایک کام کے لیے دی تھی اور واپس لینا بھول گئے تھے۔” وہ یہ کہ کر فیونا کے پاس آیا اور بولا "ذرا پکڑنا اسے۔”

فیونا نے مشعل تھامی تو اس نے بھی چونک کر کہا "ارے یہ کیا لگا ہوا ہے اس پر؟” اس نے جلدی سے اسے سونگھا اور بولی "اس سے تو پگھلے ہوئے کولتار کی سی بو آ رہی ہے۔”

"یہ غالباً پرانا مٹی کا تیل ہے۔” جبران نے کہا اور دیا سلائی جلا کر مشعل کے سرے کے پاس لے گیا۔ اگلے ہی لمحے مشعل نے آگ پکڑ لی اور ماحول ایک دم سے روشن ہو گیا۔ "مشعل پر جو کچھ بھی لگا ہوا ہے، بہرحال اب تک کام کر رہا ہے۔” دانیال نے فیونا سے مشعل لے کر کہا۔

تینوں مشعل کی روشنی میں نیچے اترنے لگے۔ جب وہ ایک اور خالی کمرے میں پہنچے تو فیونا نے کہا "یہ تو بالکل ویسا ہی کمرہ ہے، بس یہاں دیوار میں ایک بڑا آتش دان ہے۔”

جبران بولا "فیونا، یہ بڑا نہیں، بہت بڑا آتش دان ہے۔ یہ تو میرے بیڈ روم جتنا ہے۔ پتا نہیں اتنا بڑا آتش دان بنوانے کی کسی کو کیا ضرورت پیش آ گئی تھی!”

فیونا دوڑ کر اس کے اندر چلی گئی اور چلا کر بولی "اندر آجاؤ، یہاں کوئی کالک نہیں ہے۔” اس کی آواز کی بازگشت وہاں دیر تک گونجتی رہی۔ وہ دونوں بھی اندر داخل ہوئے۔ آتش دان اندر سے ٹھنڈا تھا۔ فیونا نے دیوار کو ہاتھ لگایا، اور اچانک کہنے لگی۔ "کیا یہ بھی ان آتش دانوں میں سے ایک ہے جن کی دیواروں میں ایک خصوصی اینٹ لگی ہوتی ہے؟”

"دانیال چونک اٹھا۔ "کیا تمھارا یہ مطلب ہے کہ وہ اینٹ دبانے سے دیوار میں کوئی خفیہ راستہ نکل آئے گا؟”

دونوں حیرت سے فیونا کی طرف دیکھنے لگے اور اس کے ہونٹوں پر پراسرار مسکراہٹ رینگ رہی تھی۔ وہ ذرا آگے کی طرف جھک کر سرگوشی میں بولی۔ "جی ہاں۔”

تینوں کچھ دیر تک خاموشی کے ساتھ ایک دوسرے کی آنکھوں میں دیکھتے رہے، پھر دانیال بولا۔ "تو آؤ کوشش کرتے ہیں۔”

تینوں مختلف سمتوں میں آتش دان کی دیواروں میں موجود ایک ایک اینٹ پر دباؤ ڈالنے لگے۔ ذرا دیر بعد اچانک انھیں گڑگڑاہٹ کی آواز سنائی دی۔ وہ گھبرا کر پیچھے ہٹ گئے۔ ان کے سامنے کی دیوار کی اینٹوں نے اپنی جگہ چھوڑی دی تھی، اور وہاں ایک تاریک گلی دکھانی دینے لگی۔ جبران نے کنارے پر جا کر اندھیرے میں جھانک کر دیکھا۔ "یہاں بھی ویسی ہی ٹھنڈ ہے، لگتا ہے آگے جا کر یہاں بھی سیڑھیاں نیچے کی طرف جا رہی ہیں۔”

اس مرتبہ دانیال کو محسوس ہوا کہ انھیں اندر نہیں جانا چاہیے، اس لیے اس نے کہا۔ ” چلو واپس چلتے ہیں، یہ راستہ مجھے خوف ناک لگ رہا ہے۔” فیونا نے اس کی طرف عجیب نظروں سے دیکھا۔ "پہاڑوں میں رہنے والے تو نڈر ہوتے ہیں، تم کیوں گھبرا رہے ہو!” جبران نے جب اسے ترجمہ کر کے فیونا کی بات سمجھائی تو اسے بڑی شرمندگی محسوس ہوئی۔ اس نے اپنے دل سے خوف کو نوچ کر پھینکنے کی کوشش کی۔ "ٹھیک ہے، میں خوف زدہ نہیں ہوں۔” فیونا مسکرا دی۔ اس نے اندر جھانک کر دیکھا اور کہا آؤ۔

وہ تاریک گلی میں داخل ہو کر سیڑھیاں اترتے چلے گئے۔ سیڑھیاں ایک کمرے میں جا کر ختم ہو گئیں جہاں لکڑی کی ایک میز کے گرد پرانے زمانے کی کرسیاں موجود تھیں۔ جبران نے کمرے سے سیڑھیوں کا سلسلہ مزید نیچے جاتے دیکھ کر حیرت سے کہا۔ "پتا نہیں یہ سیڑھیاں اور کہاں تک نیچے جا رہی ہیں، کیا نیچے کوئی قید خانہ ہے؟ اندر سے یہ قلعہ جتنا بڑا ہے، باہر سے اتنا بڑا نہیں دکھائی دیتا۔”

فیونا نے کہا "دیواروں پر ان قدیم پردوں کو دیکھو، ان پر کتنی مہارت کے ساتھ رنگین تاروں سے تصاویر بنائی گئی ہیں۔ پردے اتنے پرانے ہیں کہ پھٹنے والے ہیں، مجھے یقین ہے کسی زمانے میں یہ بے حد خوب صورت لگتے ہوں گے۔”

"ارے یہاں تو رنگین شیشے والی کھڑکی بھی ہے۔” جبران بولا۔ فیونا پردوں سے نظریں ہٹا کر کھڑکی کو دیکھنے لگی۔ پتا نہیں اس کھڑکی میں کہاں بہت ہلکی سورج کی روشنی اندر آنے کی کوشش کر رہی تھی۔ ہر چیز پر صدیوں کی گرد جمی ہوئی تھی۔ اچانک دانیال چیخ کر بولا۔ "یہاں آؤ، دیکھو میں نے کیا چیز ڈھونڈ لی ہے۔” دونوں اس کی طرف گئے تو انھوں نے بھی دیوار کے پاس پڑے صندوق کو دیکھ لیا۔ دانیال اسے کھولنے کے لیے اس کا ہینڈل ڈھونڈتے ہوئے بولا۔ "یہ یقیناً یہاں صدیوں سے پڑا رہا ہے۔”

"یہ ایک ہزار سال سے بھی قدیم لگ رہا ہے۔” فیونا نے اپنا خیال پیش کیا۔ دونوں نے اس پر کوئی تبصرہ نہیں کیا۔ صندوق پر مکڑی کے جالوں نے قبضہ جما رکھا تھا۔ جبران نے جلدی جلدی جالے صاف کیے۔ دانیال نے کہا "چلو اسے کھولتے ہیں۔”

"نہیں۔” فیونا چلائی۔ "کیا پتا اس میں کوئی بھوت ہویا پھر خون چوسنے والے ہزاروں بھنورے۔”

جبران نے مسخرے پن سے کہا "ووووو …. لو ہم ڈر گئے… بس!” فیونا اور دانیال اس کے انداز پر بے اختیار ہنس پڑے۔ دانیال نے ہرن کے سینگ والے ہینڈل کو کھینچ کر صندوق کا ڈھکن کھول دیا۔ اندر بھی دھول بھری تھی۔ دانیال کی نظر ایک چاقو پر پڑی، جس کے دستے پر نقش و نگار کندہ تھے۔ "یہ دیکھو، میں شرط لگا سکتا ہوں کہ یہ بے حد قدیم چاقو ہے۔” وہ پرجوش انداز میں بولا۔ جبران بھی دل چسپی سے چاقو کو قریب سے دیکھنے لگا جب کہ فیونا کی نظریں کسی اور چیز پر ٹکی ہوئی تھیں۔ صندوق کے کونے میں ایک قدیم کتاب پڑی ہوئی تھی۔

(جاری ہے…..)

Comments

اہم ترین

رفیع اللہ میاں
رفیع اللہ میاں
رفیع اللہ میاں گزشتہ 20 برسوں سے شعبہ صحافت سے وابستہ ہیں، ان دنوں اے آر وائی نیوز سے بہ طور سینئر صحافی منسلک ہیں۔

مزید خبریں