وزیر اعظم شہباز شریف، وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ اور وزیر اعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز و دیگر کے خلاف مقدمے کے لیے درخواست جمع کرائی گئی ہے۔
لاہور کی سیشن عدالت میں درخواست پاکستان تحریک انصاف کے رہنما زبیر نیازی کی جانب سے دائرکی گئی ہے۔ عدالت نے نوٹس جاری کرتے ہوئے 25 جون کو پولیس سے جواب طلب کرلیا ہے۔
درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ پی ٹی آئی کے آزادی مارچ کے لیے پُرامن طور پر نکلے، پولیس نے پُرامن شرکا پر بدترین تشدد کیا گیا۔
گزشتہ ماہ پی ٹی آئی لانگ مارچ کے شرکا پر تشدد پر وزیر اعظم کیخلاف مقدمے کی درخواست جمع کرائی گئی تھی جس میں وزیر داخلہ، آئی جی اسلام آباد اور دیگر حکام کیخلاف بھی کارروائی کی استدعا کی گئی تھی۔ درخواست اعظم سواتی نے جمع کرائی تھی۔
اعظم سواتی نے اس میں کہا تھا کہ 25 مئی کو پُرامن آزادی مارچ میں شرکت کی، پولیس نے بلاجواز تشدد کیا، بازو اور جسم کے دوسرے حصوں پر زخم آئے، مجھے زخمی حالت میں پولی کلینک اسپتال لےجایا گیا۔ انہوں نے استدعا کی پولیس ان افراد کیخلاف مقدمے کر کے قانونی کارروائی کرے۔