جمعرات, جولائی 3, 2025
اشتہار

کولمبیا میں بل فائٹنگ کے دوران حادثے کی دل دہلا دینے والی ویڈیوز سامنے آ گئیں

اشتہار

حیرت انگیز

بوگوٹا: کولمبیا میں بل فائٹنگ کے دوران اسٹیڈیم کا اسٹینڈ گرنے سے 5 افراد ہلاک اور 500 زخمی ہو گئے۔

تفصیلات کے مطابق وسطی کولمبیا میں بیلوں کی لڑائی کے دوران ایک اسٹینڈ گرنے سے کم از کم پانچ افراد ہلاک اور پانچ سو سے زائد زخمی ہو گئے، جن میں سے 30 افراد کی حالت تشویش ناک بتائی جا رہی ہے۔

سامنے آنے والی ویڈیوز میں اسٹینڈ گرنے کے خوف ناک منظر کو دیکھا جا سکتا ہے، مرنے والوں میں 2 خواتین سمیت ایک بچہ بھی شامل ہے۔

رپورٹس کے مطابق ٹولیما کے علاقے میں سالانہ سان جوآن اور سان پیڈرو کی تقریبات جاری تھیں کہ اچانک لکڑی سے بنا اسٹیڈیم ٹوٹ گیا، جس سے بھگدڑ مچ گئی۔

اسٹیڈیم کا یہ حصہ تین منزلہ تھا، مقامی حکام کا کہنا ہے کہ ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے، جب کہ مریضوں کی کافی تعداد ہونے کی وجہ سے اسپتالوں میں جگہ بھی موجود نہیں ہے۔

واقعے کے وقت ایک بیل رِنگ کے اندر گھوم رہا تھا،روایتی ‘کورالیجا’ ایونٹ میں عام لوگ بیلوں کو مشغول کرنے کے لیے رِنگ میں داخل ہوتے ہیں۔

سبک دوش ہونے والے صدر ایوان ڈیوک نے واقعے پر رد عمل میں کہا کہ اس کی تحقیقات کی جائیں گی، جب کہ نئے منتخب صدر گستاؤ پیٹرو نے مقامی حکام پر زور دیا کہ وہ ایسے واقعات پر پابندی لگائیں۔

انھوں نے کہا میں میئرز سے کہتا ہوں کہ وہ مزید ایسے واقعات کی اجازت نہ دیں جس میں لوگوں یا جانوروں کی موت شامل ہو، انھوں نے کہا یہ پہلا موقع نہیں کہ اس طرح کا حادثہ پیش آیا ہو۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں