اسلام آباد: پشاور میں ایف سی کے قافلے پر دھماکے کی صدر ممنون حسین، وزیرِاعظم نواز شریف ، وزیرِاطلاعات پرویز رشید، اے این پی کے رہنماء میاں افتخارحسین اور سنی اتحاد کونسل کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا سمیت دیگر رہنماؤں نے شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔
پشاور کے علاقے شیر شاہ سوری روڈ پر ایف سی قافلے کو دھماکے سے نشانہ بنایا گیا، وزیرِاعظم نواز شریف نے دھماکے کی پُرزور مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشتگردی کے خاتمے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔
وفاقی وزیرِاطلاعات پرویز رشید کا کہنا تھا کہ سیکیورٹی ادارے دہشتگردی کیخلاف قربانیاں دے رہے ہیں، اے این پی کے رہنماء میاں افتخار حسین نے اے آر وائی نیوز سے بات کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا صوبے پرتوجہ نہیں دے رہے ہیں، وزیراعلیٰ کے پی کے پرویز خٹک کو دھرنے سے فرصت نہیں مل رہی ہے۔
سنی اتحاد کونسل کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا اور قائد ملت جعفریہ علامہ ساجد علی نقوی نے بھی دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے جاں بحق ہونے والوں کے لواحقین سے اظہار ہمدردی کی۔
جے یو پی کے مرکزی صدراعجاز ہاشمی کا کہنا تھا کہ آپریشن ضربِ عضب کی کامیابی سے دہشتگرد بوکھلاہٹ کا شکار ہوگئے ہیں اور جوابی کارروائی پر اتر آئے ہیں۔