تازہ ترین

پریذائیڈنگ افسر کو تھپڑ، الیکشن کمیشن نے وائرل ویڈیو کا نوٹس لے لیا

تھرپارکر: بلدیاتی انتخابات کے دوران ضلع تھرپارکر میں ایک پریذائیڈنگ افسر کو تھپڑ مارنے کی ویڈیو وائرل ہو گئی تھی، جس پر الیکشن کمیشن نے نوٹس لے لیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق اسلام کوٹ ڈسٹرکٹ تھرپارکر میں بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے کے دوران محکمہ صحت کے ضلعی افسر غلام محمد جونیجو نے پریذائیڈنگ افسر گھنشام داس کو تھپڑ مار دیا تھا، جس کی ویڈیو وائرل ہو گئی تھی۔

الیکشن کمیشن نے اس وائرل ویڈیو کا نوٹس لے لیا ہے، اور واقعے پر ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسر، ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ افسر اور ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر سے رپورٹ مانگ لی ہے۔

الیکشن کمیشن نے متعلقہ ذمہ داران کو ہدایت کی ہے کہ واقعے کی تفصیلی رپورٹ فوری مرتب کر کے بھیجی جائے، تاکہ ضروری کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔

الیکشن کمیشن سندھ نے ریٹرننگ افسر ضلع لاڑکانہ کو بھی ایک خط لکھ کر کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کے رکن قومی اسمبلی خورشید جونیجو نے یو سی 13 بلدیاتی انتخابات میں ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کی ہے، اس واقعے کی تفصیلی رپورٹ الیکشن کمیشن آف پاکستان میں فوری جمع کرائی جائے۔

اس خط کے ساتھ الیکشن کمیشن نے سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیوز بھی منسلک کی ہیں، خط میں کہا گیا ہے کہ ویڈیوز میں خورشید جونیجو کو بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے میں دھاندلی کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔

الیکشن کمیشن نے کہا کہ یہ عمل جرم کے مترادف ہے اور ان کے خلاف کئی قانونی اقدامات ہو سکتے ہیں۔

Comments

- Advertisement -