تازہ ترین

کوئٹہ آفت زدہ قرار، بلوچستان میں مزید طوفانی بارشوں کی پیشگوئی

کوئٹہ سمیت بلوچستان میں منگل کو ہونیوالی طوفانی بارشوں نے تباہی مچادی ہے جس کے بعد پی ڈی ایم اے نے کوئٹہ کو آفت زدہ قرار دیدیا ہے۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق منگل کو کوئٹہ سمیت صوبہ بلوچستان کے مختلف علاقوں میں ہونے والی طوفانی بارشوں نے تباہی مچادی، چھتیں اور دیواریں گرنے سے 3 خواتین سمیت 9 افراد جاں بحق جب کہ درجنوں زخمی ہوگئے۔

صوبائی ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے بارشوں سے ہونے والی تباہی کے بعد کوئٹہ کو آفت زدہ علاقہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ کوئٹہ میں بارشوں سے اب تک 9 اموات ہوچکی ہیں جب کہ 300 سے زائد خاندان بے گھر ہوگئے ہیں۔

دوسری جانب کوئٹہ سمیت بلوچستان کے بیشتراضلاع میں مزید طوفانی بارشوں کی پیشگوئی کے بعد پی ڈی ایم اے نے ڈپٹی کمشنرز کو مراسلہ لکھ دیا ہے جس میں انہیں پیشگی اقدامات کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

پی ڈی ایم اے کے مراسلے کے مطابق 7 جولائی تک تیز بارشوں کی پیشگوئی ہے، اس دوران کوئٹہ، ژوب، زیارت، بارکھان، لورالائی، کوہلو میں تیز بارشیں ہونگی جب کہ قلات، خضدار، لسبیلہ، نصیر آباد، سبی پنجگور، تربت پسنی، گوادر، اورماڑہ، کیچ، خاران اور آوران میں بھی بارشیں متوقع ہیں۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق طوفانی بارشوں کے نئے اسپیل سے پہاڑی اور شہری علاقوں میں سیلابی صورتحال پیدا ہوسکتی ہے اس لیے ضلعی حکام متعلقہ عملہ تیار رکھیں اور ضروری مشینری کی دستیابی کو یقینی بنائیں۔

مراسلے میں ماہی گیروں کو کھلے سمندر میں شکار پر جانے اور شہریوں کو بلا ضرورت سفر اور کمزور عمارتوں میں رہائش سے گریز کی بھی ہدایت کی گئی ہے جب کہ متعلقہ حکام سے کہا گیا ہے کہ آبی گزرگاہوں اور ذخائر کے قریب پکنک پر پابندی لگائی جائے اس کے ساتھ ساتھ سڑکوں، ڈیمز اور پلوں کی حفاظت کیلئے اقدامات کیے جائیں۔

یہ بھی پڑھیں: بلوچستان میں بارشوں نے تباہی مچادی ، 6 افراد جاں بحق، 20 زخمی، سات لاپتہ

دوسری جانب محکمہ موسمیات نے منگل کی شام تک بلوچستان میں ہونے والی بارش کے حوالے سے اعداد وشمار جاری کردیے ہیں جس کے مطابق صوبے میں سب سے زیادہ بارش گوادر میں 58 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی اس کے علاوہ پسنی میں 38، لسبیلہ میں 35، جیوانی میں 34، قلات میں 12، اورماڑہ، پشین میں 10، تربت میں9، کوئٹہ میں 8 اور خضدار میں ایک ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

Comments

- Advertisement -