کولمبو: سری لنکا میں معاشی بحران اور ایمرجنسی کی صورت حال کھیلوں کے میدانوں پر بھی اثر انداز ہونے لگی۔
تفصیلات کے مطابق سری لنکا کی موجودہ صورت حال کے باعث پاکستان اور سری لنکا کے درمیان دو ٹیسٹ میچز پر مشتمل سیریز پر غیر یقینی کے بادل منڈلانے لگے ہیں، قومی ٹیسٹ اسکواڈ اس وقت کولمبو میں موجود ہے، جہاں دونوں ٹیموں کے درمیان وارم اپ میچ کےآخری روز کا کھیل جاری ہے۔
سری لنکن صدر کی مالدیپ فرار ہونے کی خبروں کے بعد وزیراعظم سری لنکا نے ملک بھر میں ایمرجنسی نافذ کردی ہے، صورت حال اس قدر مخدوش ہے کہ مظاہرین کی کثیر تعداد سڑکوں پر موجود ہے اور انہوں نے صدر پاکسے کی فرار پر سخت ردعمل کا اظہار کیا ہے۔
ادھر سری لنکا کی موجودہ صورتحال پر پی سی بی حکام میں تشویش کی لہر دوڑ گئی، چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ نے دورے پر موجود قومی کرکٹ ٹیم کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے پاکستان ہائی کمیشن سے رابطہ کیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: سری لنکا کے ہاتھوں آسٹریلیا کو شرمناک شکست
قائم مقام ہائی کمشنر تنویر احمد بھٹی نے رمیز راجہ کو فول پروف سیکیورٹی کی فراہمی میں اپنا سفارتی کردار ادا کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔
واضح رہے کہ سری لنکا پہنچنے کے بعد کولمبو میں کرفیو اور مظاہروں کے سبب پاکستان ٹیم ہوٹل میں مقید رہی، جس کے باعث قومی ٹیم کا پریکٹس سیشن منسوخ ہوا تھا۔
واضح رہے کہ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان دو ٹیسٹ میچز کی سیریز کا آغاز سولہ جولائی سے ہوگا، پہلا میچ گال اور دوسرا کولمبو میں کھیلا جائے گا، ٹیسٹ سیریز آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئن شپ کا حصہ ہے۔