جمعرات, مئی 15, 2025
اشتہار

پنجاب ضمنی الیکشن: پولیس گردی کے بعد کسانوں کا پانی بھی بند

اشتہار

حیرت انگیز

لاہور: پنجاب اسمبلی کے 20 حلقوں میں ضمنی الیکشن کے لیے آج انتخابی مہم کا آخری روز ہے، صوبائی حکومت کی جانب سے پولیس گردی کے بعد کسانوں کا پانی بھی بند کر دیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق پی پی 158 میں پولیس پی ٹی آئی کے انتخابی دفاتر بند کرانے کے لیے متحرک ہو گئی ہے، مختلف علاقوں میں پی ٹی آئی دفاتر اور کارکنوں کے گھروں پر چھاپے مارے گئے اور ان سے حلف نامے لیے گئے۔

کلرسیداں میں بھی پولیس نے پی ٹی آئی کے انتخابی دفتر پر دھاوا بولا اور الیکشن آفس بند کرا دیا، امیدوار نے بتایا کہ ایس پی کی قیادت میں اہل کاروں نے دھاوا بولا، بینرز اور پارٹی پرچم اتار پھینکے۔

ادھر ن لیگ کی انتخابی مہم  کے لیے 3 نہریں بھی بند کر دی گئی ہیں جس پر کسان سراپا احتجاج بن گئے ہیں، لیگی امیدوار طاہر رندھاوا کی سفارش پر محکمہ انہار لیہ نے خلاف شیڈول اقدام کرتے ہوئے پی پی 282 لیہ میں ٹیل انڈس نہر کو پانی دے دیا۔

محکمہ انہار نے شیڈول کے خلاف چوک سرور شہید کی بھاگل، لانجو، ماچھو نہریں بند کر دیں، پی پی 282 لیہ میں چالو نہر انڈس ٹیل کی فوٹیج بھی اے آر وائی نیوز نے چلائی۔

متاثرہ کسانوں کا کہنا ہے کہ الیکشن والے حلقے میں کسانوں کو خوش کرنے کے لیے ہمارا پانی بند کر دیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ پنجاب اسمبلی کے 20 حلقوں میں انتخابی مہم کا آج آخری روز ہے، امیدواروں کی انتخابی مہم آج رات 12 بجے ختم ہو جائے گی، ان حلقوں میں ضمنی انتخاب 17 جولائی کو ہوگا، الیکشن کمیشن کی جانب سے تیاریاں مکمل کر لی گئیں۔

مجموعی طور پر 45 لاکھ 79 ہزار 8 سو 98 ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے، رجسٹرڈ ووٹرز میں 24 لاکھ 60 ہزار 206 مرد، 21 لاکھ 19 ہزار 6 سو 92 خواتین ووٹرز ہیں۔

20 حلقوں کے لیے 3131 پولنگ اسٹیشن قائم کیے گئے ہیں، مردانہ پولنگ اسٹیشنز کی تعداد 731، خواتین کے لیے 700، مشترکہ پولنگ اسٹیشن 1700 ہیں، پولنگ بوتھ کی تعداد 9 ہزار 5 سو 62 ہے۔

1900 پولنگ اسٹیشنز میں 1204 حساس اور 696 انتہائی حساس قرار دیے گئے ہیں، لاہور اور ملتان کے حلقے انتہائی حساس اضلاع قرار دیے گئے، جب کہ لاہور کے تمام پولنگ اسٹیشنوں کو حساس قرار دیا گیا ہے۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں