لاہور: سابق وزیر داخلہ شیخ رشید کا کہنا ہے کہ آرٹیکل چھ کی بات کرنیوالوں کا باپ بھی میرا کچھ نہیں کر سکتا، لاہور والوں نے درست فیصلہ کرلیا تو سب دھرا رہ جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق لاہور ہائی کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید کا کہنا تھا کہ رانا ثنااللہ کے کہنے پر مجھے آج اینٹی کرپشن نے بلایا تھا، ڈی جی اینٹی کرپشن رانا عبدالجبار اجرتی قاتل رانا ثنا اللہ کا ساتھی ہے۔
شیخ رشید نے کہا کہ عمران خان کا بیانیہ چوروں اور لٹیروں کے خلاف ہے، نواز شریف نے کہا ووٹ کو عزت دو لیکن اس نے لوٹے کو عزت دی،لوٹا بھی گوالمنڈی کا ہے جس میں چھ چھید ہیں عوام کا فیصلہ عمران خان کے حق میں ہے، انشااللہ سترہ جولائی کو تاریخ رقم ہونے جارہی ہے۔
سابق وزیر داخلہ نے وزیر داخلہ رانا ثنااللہ پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ منشیات فروش کو کہنا چاہتا ہوں زمین میری ہے میں نے بیچی ہے، یہ میری زمین ہے میں نے بیچی ہے تمہارےباپ سے تو نہیں لی، جس کو بیچی شریف آدمی نے ابھی تک مجھے پیسے بھی نہیں دیئے۔
یہ بھی پڑھیں: "رانا ثنااللہ آرٹیکل 6 سے پیچھے مت ہٹنا”، فواد چوہدری کا چیلنج
اس سے قبل لاہور ہائی کورٹ نے اینٹی کرپشن لاہور میں طلبی نوٹس کے خلاف درخواست پر سابق وزیرداخلہ کو غیرقانونی ہراساں کرنے سے روکنے کا حکم جاری کیا، جسٹس فاروق حیدر نے سابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد کی درخواست پر سماعت کی، درخواست میں چیف سیکریٹری پنجاب، سیکریٹری ہوم، ڈی جی اینٹی کرپشن سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا تھا۔
شیخ رشید نے عدالت سے استدعا کی کہ بیس جولائی کو سپریم کورٹ میں پیش ہونا ہے جس پر عدالت نے شیخ رشید کی استدعا پر تاریخ 27 جولائی کردی۔