لاہور : صوبائی الیکشن کمشنر پنجاب نے پی ٹی آئی کے الزام کی تردید کردی، اپنے وضاحتی بیان میں انہوں نے کہا کہ ہر جماعت کے ایجنٹس کو پولنگ اسٹیشن میں بیٹھنےکی اجازت ہے۔
صوبائی الیکشن کمشنر پنجاب نے مظفر گڑھ میں قائم پولنگ اسٹیشن47،46سے پی ٹی آئی کے پولنگ ایجنٹ کو باہر نکالنے کی خبر کی سختی سے تردید کی ہے۔
اپنے ایک جاری بیان میں صوبائی الیکشن کمشنر پنجاب نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی رہنما شہباز گل کے الزامات بے بنیاد ہیں۔
انہوں نے کہا کہ خواتین پولنگ اسٹیشن پر خواتین پولنگ ایجنٹس اور مردوں کے پولنگ اسٹیشن پر مرد پولنگ ایجنٹ بیٹھتے ہیں۔
ریٹرننگ آفیسرکا کہنا ہے کہ پولنگ اسٹیشن 44پر پی ٹی آئی پولنگ ایجنٹ امیر بخش موجود ہے، پولنگ اسٹیشن 46 پر پی ٹی آئی کا کوئی ایجنٹ نہیں پہنچا۔
صوبائی الیکشن کمشنر کے مطابق سیاسی جماعت کے تصدیق شدہ پولنگ ایجنٹ کو پولنگ اسٹیشن میں بیٹھنے کی اجازت ہے، بغیر تصدیق الزامات سے پولنگ عمل کو متنازع نہ بنایا جائے۔
واضح رہے کہ پی ٹی آئی کے رہنما ڈاکٹر شہباز گل نے الزام عائد کیا تھا کہ مظفر گڑھ کے دو پولنگ اسٹیشن سے تحریک انصاف کے پولنگ ایجنٹس کو بیٹھنے نہییں دیا جارہا۔