ہفتہ, مئی 18, 2024
اشتہار

اوکاڑہ: سابقہ بیوی اور سسرالیوں کا قاتل گرفتار

اشتہار

حیرت انگیز

اوکاڑہ: گزشتہ روز سابقہ بیوی اور ساسں سمیت 5 افراد کو فائرنگ کر کے قتل کرنے والا ملزم گرفتار کر لیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق اوکاڑہ میں شادمان کالونی کی حدود میں ملزم رفیق نے خاندانی رنجش پر سابقہ بیوی اور سسرالیوں پر فائرنگ کر کے ایک ہی خاندان کے 5 افراد کو زندگی سے محروم کر دیا تھا، ملزم نے آج اسلحہ سمیت پولیس کو گرفتاری  دے دی۔

پولیس نے مرکزی ملزم رفیق اور 2 نامعلوم ملزمان کے خلاف دوسرا مقدمہ درج کر دیا، ملزم رفیق کے خلاف گزشتہ روز فیملی کورٹ سے کیس ڈگری ہوا تھا، پولیس کا کہنا ہے کہ رفیق نے گزشتہ روز سابقہ بیوی، سالے اور ساس پر فائرنگ کی تھی، جس کے نتیجے میں پانچ افراد جاں بحق جب کہ 3 زخمی ہو گئے تھے۔

- Advertisement -

یہ واقعہ اوکاڑہ شادمان کالونی کی حدود میں پیش آیا تھا، شادمان کالونی اوکاڑہ کا رہائشی عاشق علی اپنے بیٹے سلمان اپنی بہن زبیدہ کے ہمراہ ضلع کچہری سے موٹر سائیکل پر سوار آ رہے تھے، جب وہ منڈی روڈ مرغا مارکیٹ کے قریب پہنچے تو ملزم محمد رفیق نے ان پر اندھا دھند فائرنگ کر دی۔

اوکاڑہ میں شوہر کی فائرنگ، بیوی اور سسرالیوں سمیت 5 افراد قتل

فائرنگ کے نتیجے میں عاشق اور اس کا بیٹا موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے، جب کہ زبیدہ بی بی اور ایک راگیر شدید زخمی ہو گئے جنھیں طبی امداد کے لیے ڈسٹرکٹ اسپتال منتقل کیا گیا، تاہم زبیدہ بی بی کو تشویش ناک حالت کے پیش نظر اوکاڑہ سے ساہیوال منتقل کیا گیا، جہاں پر وہ دم توڑ گئی۔

اس سے آدھا گھنٹہ قبل محمد رفیق نے محلہ لطیف آباد میں اپنی سابقہ بیوی فرزانہ اور سالے کاشف کو فائرنگ کر کے قتل کر دیا تھا۔

بتایا جا رہا ہے کہ ملزم نے اپنی سابقہ بیوی اور سسرالیوں کی طرف سے فیملی عدالت میں کیس دائر کیے جانے کی رنجش پر فائرنگ کی تھی، واردات کے بعد قاتل اسلحہ لہراتے ہوئے فرار ہو گیا تھا۔

قتل ہونے والوں میں ملزم کی سابقہ بیوی فرزانہ، سالہ کاشف، ماموں، کزن اور ساس شامل ہیں، پولیس تھانہ اے ڈویژن نے لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے ڈسٹرکٹ اسپتال منتقل کیا۔

آئی جی پنجاب نے پانچ افراد کے قتل کا نوٹس لیتے ہوئے آر پی او ساہیوال سے رپورٹ طلب کی تھی، ڈی پی او اوکاڑہ حسن اقبال نے قاتل کی گرفتاری کے لیے پولیس ٹیم تشکیل دی، جس نے مختلف مقامات پر چھاپے مارے، شہر میں پانچ افراد کے قتل کے واقعے پر سوگ کی فضا طاری ہو گئی تھی۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں