ماسکو: روسی عدالت نے گوگل پر 37 کروڑ ڈالر سے زائد کا جرمانہ عائد کر دیا ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق روس کے دارالحکومت ماسکو کی مقامی ڈسٹرکٹ کورٹ نے ملک میں ممنوع قرار دیے گئے مواد کو نہ ہٹانے پر سرچ انجن گوگل پر بھاری جرمانہ عائد کردیا ہے۔
روس کے سرکاری میڈیا واچ ڈاگ کے مطابق روسی حکام کی جانب سے گوگل کے ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم یوٹیوب سے متعدد بار "ممنوعہ” ویڈیوز کو ہٹانے کا کہا گیا تاہم یوٹیوب نے ویڈیوز کو ہٹانے سے انکار کیا، جس پر روسی عدالت نے کارروائی کرتے ہوئے 37 کروڑ ڈالر کا جرمانہ عائد کردیا ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ویڈیوز میں یوکرین جنگ کے بارے میں جعلی خبریں پھیلا کر روسی فوج کو بدنام کرنے کی کوشش کی گئی تھی۔
سرکاری میڈیا کے مطابق روسی اتھارٹی کی جانب سے کسی بھی بگ ٹیک کمپنی پر عائد کیا جانے والا اب تک کا سب سے بڑا جرمانہ ہے۔
اس معاملے پر گوگل کی طرف سے ابھی کوئی تبصرہ سامنے نہیں آیا ہے۔
خیال رہے کہ روسی قوانین کی خلاف ورزی پر پچھلے سال بھی گوگل پر 12 کروڑ ڈالر سے زائد کا جرمانہ عائد کیا گیا تھا۔