لاہور: انسداد دہشت گردی عدالت سے پی ٹی آئی رہنماؤں کی ضمانتوں میں توسیع مل گئی۔
تفصیلات کے مطابق توڑ پھوڑ اور سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے کے کیس میں یاسمین راشد، حماد اظہر سمیت مقدمے میں نامزد ملزمان کی ضمانت کی درخواستوں پر آج سماعت ہوئی۔
عدالت نے ڈاکٹر یاسمین راشد، حماد اظہر سمیت دیگر کی ضمانتوں میں 26 جولائی تک توسیع کر دی، اے ٹی سی نے متعلقہ تفتیشی افسران سے آئندہ سماعت پر مکمل ریکارڈ طلب کر لیا۔
اے ٹی سی نے تمام مقدمات میں سابق وفاقی وزیر شفقت محمود کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست بھی منظور کر لی۔
ملزمان کے خلاف تھانہ شاہدرہ، نصیر آباد، بھاٹی گیٹ سمیت دیگر تھانوں میں مقدمات درج ہیں، ملزمان پر توڑ پھوڑ اور سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے کا الزام ہے۔
دوسری طرف اے ٹی سی نے پی ٹی آئی رہنما حسان نیازی کی عبوری ضمانت خارج کر دی، عدالت نے عدم حاضری کے باعث حسان نیازی کی ضمانت مسترد کی۔
حسان نیازی 2 مقدمات میں عبوری ضمانت کے لیے پیش نہیں ہوئے، تھانہ شاہدرہ اور گلبرگ کے دو مقدمات میں وہ نامزد ہیں، عدالت نے آئندہ سماعت پر میڈیکل رپورٹ پیش کرنے کا حکم بھی دے دیا۔