بینکاک: پاکستانی تن ساز فہیم ملک نے تاریخ رقم کر دی، فہیم ملک نے ملکی تاریخ میں پہلی بار پرو کارڈ جیت کر گولڈ میڈل حاصل کر لیا۔
تفصیلات کے مطابق ورلڈ فٹنس فیڈریشن (ڈبلیو ایف ایف) پاکستان کے باڈی بلڈر نے بنکاک، تھائی لینڈ میں مسٹر یونیورس 2022 مقابلوں میں پرو کارڈ جیت کر طلائی تمغا حاصل کیا۔
یہ پہلا موقع ہے کہ کسی پاکستانی باڈی بلڈر نے بین الاقوامی سطح پر پرو کارڈ جیتا ہو۔
جونیئر کیٹگری میں معیز مہر نے دوسری پوزیشن حاصل کی، جب کہ اعجاز حیدر نے ایونٹ میں پاکستان کے لیے برانز میڈل حاصل کیا، اس حوالے سے بھی تاریخ رقم ہوئی ہے کہ تینوں کے تینوں ایتھلیٹس نے میڈل جیتے ہیں۔
پاکستانی باڈی بلڈر نے بھارت کو گولڈ میڈل سے محروم کر دیا
مسٹر یونیورس مقابلوں میں 30 ممالک کے باڈی بلڈرز نے شرکت کی تھی، پاکستان کی جانب سے 3 باڈی بلڈرز نے ڈبلیو ایف ایف پاکستان کے صدر وسیم قریشی کی سربراہی میں مسٹر یونیورس میں حصہ لیا۔
جن ممالک نے ان مقابلوں میں حصہ لیا، ان میں آسٹریلیا، جنوبی افریقہ، ملائیشیا، میکسیکو، بھارت، فلپائن، انڈونیشیا، ویتنام، جاپان اور پاکستان نمایاں ہیں۔