لاہور : تحریک انصاف کے سیکرٹری جنرل اسد عمر نے سندھ میں بلدیاتی انتخاب ملتوی کرنے پر کہا کہ جب بھی الیکشن کروائیں گے ان کوعبرت ناک شکست کا سامنا کرنا پڑے گا۔
تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کے سیکرٹری جنرل اسد عمر نے الیکشن کمیشن کی جانب سے بلدیاتی انتخابات کے التوا کے فیصلے پر درعمل دیتے ہوئے کہا الیکشن کمیشن کا نیا فیصلہ سن کر حیرانی ہوئی، بلدیاتی انتخاب صرف 3دن پہلے ملتوی کردیے گئے۔
اسد عمر کا کہنا تھا کہ الیکشن ملتوی کرنے کی وجہ بارش بتائی گی یہ ایک مضحکہ خیز بات ہے، الیکشن کمیشن مکمل طور پر جانبدار ہوچکا ہے۔
سیکرٹری جنرل پی ٹی آئی نے کہا کہ کسی پاکستانی کو یقین نہیں اس الیکشن کمیشن کے ہوتے ہوئے شفاف انتخاب ہوگا، 17 جولائی کو پنجاب میں ہرطرف بلا چلا، پی ڈی ایم جماعتیں گھبرا گئیں۔
ان کا کہنا تھا کہ قوم اب فیصلہ کر چکی ہے کہ وہ اپنی حقیقی آزادی لے کر رہےگی، جب بھی الیکشن کروائیں گےانکوعبرت ناک شکست کا سامنا کرنا پڑے گا۔
اسد عمر نے مزید کہا پاکستان کے مستقبل کے فیصلے صرف پاکستانی عوام کریں گے، ضمیروں کی منڈی لگانے والوں کو کسی صورت عوام کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔