نوٹ: یہ طویل ناول انگریزی سے ماخوذ ہے، تاہم اس میں کردار، مکالموں اور واقعات میں قابل ذکر تبدیلی کی گئی ہے، یہ نہایت سنسنی خیز ، پُر تجسس، اور معلومات سے بھرپور ناول ہے، جو 12 کتابی حصوں پر مشتمل ہے، جسے پہلی بار اے آر وائی نیوز کے قارئین کے لیے پیش کیا جا رہا ہے۔
گزشتہ اقساط پڑھنے کے لیے یہاں کلک کریں
تینوں ساحل پر زیتون کے ایک قدیم ٹنڈ منڈ درخت کے نیچے بیٹھ کر سامنے کا منظر دیکھنے لگے۔ ان کی نگاہیں پہاڑی پر مرکوز تھیں۔ دانیال نے خاموشی توڑتے ہوئے کہا: "قیمتی پتھر اسی علاقے میں ہوگا، یہ ساحل اتنا پھیلا ہوا نہیں ہے۔”
"یہ کتنا پیارا منظر ہے۔ وہ دیکھو، آرٹسٹ تصویریں بنا رہے ہیں۔” جبران نے چند لوگوں کی طرف اشارہ کیا جو ایزل کے پیچھے بیٹھے ہوئے تھے۔
"ہاں، میں اور بھی بہت کچھ دیکھ رہی ہوں۔ بہت سارے لوگ فوٹو گرافی کررہے ہیں۔ مجھے نہیں لگتا کہ یہ لوگ سیاح ہوں گے۔” فیونا بے زاری سے بولی۔
"میرے خیال میں یہ لوگ کلینڈر کے لیے فوٹو گرافی کر رہے ہیں۔” جبران نے سر کھجایا۔ "میری ممی نے گھر کے لیے ایک کلینڈر خریدا تھا، اس پر یونان کی تصاویر تھیں لیکن وہ اس ساحل کی نہیں تھیں۔ میرے خیال میں وہ سنتارینی کی تصاویر تھیں۔”
فیونا نے گائیڈ بک کھول لی جو وہ خرید کر لائے تھے۔ "مجھے محسوس ہو رہا ہے کہ ہم کہیں قریب ہی ہیں۔” فیونا کسی سوچ میں گم بولی۔ دانیال اٹھ کر آرٹسٹ کے قریب چلا گیا۔ جبران نے بیٹھے بیٹھے آنکھیں بند کر لیں اور چند لمحوں بعد وہ تنے سے ٹیک لگا کر نیند کی دنیا میں کھو چکا تھا۔ فیونا نے بھی آنکھیں بند کر لیں۔ آنکھیں بند کرتے ہی وہ اونگھنے لگی اور اسی عالم میں اس نے دیکھا کہ وہ ایک سرسبز میدان میں کھڑی ہے۔ ایک پہاڑی پر ایک خانقاہ ہے اور زیتون کا ایک درخت کھڑا ہے۔ اسی لمحے وہ ہڑبڑا کر اٹھی۔ اس نے جلدی سے جبران کو جگایا اور دانیال کو بھی آواز دی۔ "جلدی آؤ، میں نے جان لیا ہے کہ قیمتی پتھر کہاں ہے۔” جبران نے آنکھیں ملتے ہوئے پوچھا: "میں بہت میٹھی نیند میں تھا، تم کیا کہہ رہی ہو؟”
"میں کہہ رہی ہوں کہ پتھر جس جگہ موجود ہے میں وہ جگہ جانتی ہوں۔ اس تصویر کو دیکھو۔” فیونا نے گائیڈ بک آگے کر دی۔ "یہ سینٹ الیگزینڈر چرچ ہے، یہ سکندر اعظم کے نام پر ہے۔ یہاں سے ایک یا دو میل دور واقع ہے۔ چلو اپنا اپنا سامان سمیٹ لو۔”
دانیال ہنسا۔ "ہمارے پاس سامان کہاں سے آگیا، چلو ہم تیار ہیں۔” تینوں ساحل چھوڑ کر شہر کی طرف چل پڑے۔ فیونا بولی: "دیکھو خیال رکھنا، ہم شہر کے اندر جا رہے ہیں، میں نہیں چاہتی کہ ہم کہیں راستہ بھٹک جائیں۔”
وہ ایک سیدھ میں چلنے لگے۔ ابھی وہ کچھ ہی دور گئے تھے کہ جبران چونک اٹھا۔ "یہ تو کھنڈرات ہیں فیونا، پتا نہیں کتنے قدیم ہیں۔”
"گائیڈ بک کے مطابق اس کی تعمیر 1200 قبل مسیح میں ہوئی تھی۔” فیونا کتابچہ کھول کر دیکھنے لگی۔ "یہ تو واقعی بہت قدیم ہیں۔ اپنے وقت میں یہ بلاشبہ بہت خوب صورت تعمیر رہی ہوگی۔” اس نے کتابچہ بند کر دیا۔ جبران نے اچانک ایک خطرناک بات یاد دلا دی: "فیونا کیا تمھیں یاد ہے کہ انکل اینگس نے کیا کہا تھا؟ انھوں نے کہا تھا کہ پتھر کے آس پاس تین پھندے بچھائے گئے ہیں۔ پتا نہیں یہ کس قسم کے ہوں گے۔ ہو سکتا ہے کہ خانقاہ کے اندر شیر ہو، یا سانپوں والے سروں کا عفریت ہائیڈرا۔” جبران کی آواز میں انھوں نے خوف کی جھلک واضح محسوس کی۔
جب وہ خانقاہ کے قریب پہنچے تو فیونا نے کہا: "میں نہیں سمجھتی کہ یہ قلعۂ آذر سے زیادہ خوف ناک جگہ ہوگی۔ یہاں روشنی ہے۔ میرے خیال میں خانقاہوں میں بھوت نہیں ہو سکتے۔ لیکن ہمیں محتاط رہنا ہوگا۔”
دانیال فیونا سے کتابچہ لینے کے بعد اسے پڑھنے میں مصروف ہو گیا تھا۔ آخر کار اس نے کتابچہ بند کر کے پینٹ کی جیب میں ٹھونس لیا اور کہا: "کتابچے میں لکھا ہے کہ یہاں بھی کہیں پر منقش شیشے کی کھڑکی موجود ہے، جیسا کہ قلعۂ آذر میں تھی۔ یہاں اور بھی پچی کاری کے کام کی یادگاریں موجود ہیں۔”
دونوں اس کی بات سن کر مڑے اور اسے حیرت سے دیکھنے لگے۔ جبران نے کہا: "دانی کیا تم نے نہیں سنا، ہم نے ابھی کیا باتیں کیں؟” دانیال کے چہرے پر حماقت کے تاثرات چھا گئے، اور نفی میں سر ہلانے لگا۔ جبران بے بتایا: "ہم نے کہا کہ اگر یہاں پھندے کے طور پر کوئی عفریت ہوا تو…”
"جبران! غلط بات ہے۔ اسے کیوں ڈرا رہے ہو۔ خانقاہ میں کوئی عفریت نہیں ہے، آؤ میرے ساتھ۔” فیونا نے اسے گھور کر دیکھا اور اندر داخل ہو گئی۔ "واؤ، پتھر تو ماربل کے لگ رہے ہیں، یہ گرینائٹ کے نہیں ہیں۔ بہت شان دار۔”
"ہاں اچھے ہیں۔” جبران نے کوشش کی کہ اس کے لہجے سے خوف ظاہر نہ ہو، لیکن یہ سچ تھا کہ ڈر اس کے دماغ میں بیٹھ چکا تھا۔ انھوں ںے دیکھا کہ خانقاہ کی کئی دیواریں ٹوٹ پھوٹ چکی تھیں اور اینٹیں فرش پر بکھری پڑی تھیں۔ دانیال اچانک پرجوش ہو کر چیخ جیسی آواز میں بول اٹھا: "وہ دیکھو، منقش شیشے کے ٹکڑے بھی پڑے ہیں۔” فیونا اور جبران کی نگاہیں خانقاہ کے دور کے ایک کونے پر پڑیں۔ وہاں ایک نوجوان جوڑا کھڑا تھا۔ نظریں ملتے ہی فیونا اخلاقاً مسکرائی اور جبران کے قریب ہو کر سرگوشی کی: "قیمتی پتھر ماربل کی ان ہی اینٹوں میں سے کسی ایک کے اندر ہے۔”
"تم کیسے جانتی ہو یہ؟” جبران نے ماربل کی اینٹوں پر نظریں جما دیں۔ فیونا تفصیل بتانے لگی: "بس جانتی ہوں۔ جس نے قیمتی پتھر ماربل اینٹ میں چھپایا تھا، اس نے اس کے لیے کوئی طریقہ بھی ظاہر ہے کہ ڈھونڈا ہوگا۔ میں نے جب آنکھیں بند کی تھیں تو اسے صاف طور سے ماربل کی اینٹ میں دیکھا تھا۔”
"لیکن یہاں تو ہزاروں ماربل اینٹیں ہیں فیونا، ہم کیسے جانیں گے کہ پتھر کس اینٹ میں ہے؟” دانیال نے پریشان ہو کر کہا اور ایک ٹوٹی اینٹ اٹھا لی۔ "یہ تو خاصی چمک دار ہے، میں اسے اپنے ساتھ لے کر جاؤں گا۔”
"ماربل کی اینٹ اس جگہ پر ہے جہاں وہ نوجوان جوڑا کھڑا ہے۔ جب وہ جائے گا تو ہم وہاں جا کر اسے ڈھونڈیں گے۔” فیونا نے کہا اور ٹوٹے ماربل کے ایک بڑے ٹکڑے پر بیٹھ کر ہاتھوں کے پیالے میں ٹھوڑی رکھ لی۔ اس کی نگاہیں نوجوان جوڑے پر گڑی ہوئی تھیں۔ زیادہ دیر نہیں گزری تھی کہ جوڑا کچھ بے چینی محسوس کر کے باہر چلا گیا۔ "اوہ شکر ہے وہ چلے گئے۔” جبران نے اچانک چھلانگ ماری اور اس جگہ کی طرف دوڑ پڑا۔ فیونا چلا کر بولی: "خبردار جبران، یہاں کوئی دام بھی بچھا ہو سکتا ہے۔”
دانیال نے کہا: "ہاں کوئی دیوار بھی گر سکتی ہے جس کے نیچے دب کر ہم سب مر سکتے ہیں۔ کیا پتا یہاں نیچے انتہائی زہریلے چھوٹے سانپ بھی ہوں۔”
"میں جانتا ہوں۔ وائپر اور ایسپ ہوتے تو چھوٹے ہیں لیکن انتہائی زہریلے ہوتے ہیں۔” جبران رک کر مڑا اور سانپوں کے متعلق اپنی معلومات جھاڑیں۔ فیونا کو غصہ آ گیا۔ "اوہ دانی، اتنا ڈرامائی ہونے کی ضرورت نہیں۔ اگر تم ڈرتے ہو تو باہر جا کر ہمارا انتظار کرو۔”
"ٹھیک ہے، میں چپ رہوں گا۔” دانیال نے دونوں ہاتھ پینٹ کی جیب میں ٹھونس لیے اور ماربل کی اینٹوں کو گھورنا شروع کر دیا۔ فیونا اس کے سامنے سے گزر کر کونے کے قریب جا کر بولی۔ "پتھر اس اینٹ کے اندر ہے، یہ جو بالکل کونے میں لگی ہوئی ہے۔ میں جا کر اسے باہر نکالنے کی کوشش کرتی ہوں، یہ مجھے ڈھیلی لگتی ہے۔”
(جاری ہے…)