منگل, جنوری 14, 2025
اشتہار

امیر جماعت اسلامی نے حکومت اور اپوزیشن کے درمیان ثالثی کی پیشکش کردی

اشتہار

حیرت انگیز

لاہور: امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے ملک اور عوام کی خاطر سیاسی بحران کے خاتمے کیلئے حکومت اور اپوزیشن میں ثالثی کی پیشکش کر دی۔

لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا کہ پارلیمنٹ پہلے ہی بے توقیر ہے، الیکشن کمیشن کے بعد اب عدلیہ کو بھی متنازعہ بنادیا گیا، ملک میں کوئی ایسا ادارہ نہیں بچا جس پر عوام اعتبار کرنے کو تیار ہوں، پہلی دفعہ دیکھنے میں آیا ہے کہ لوگ اعلیٰ عدلیہ کے ججز کے نام لے کر انھیں تنقید کا نشانہ بنا رہے ہیں۔

سب عدالتوں سے مرضی کے فیصلے لینے کی کوشش میں ہیں، فیصلہ حق میں آئے تو قبول ورنہ تنقید سیاسی جماعتوں کا وطیرہ بن گئی۔ حکمرانوں نے مفادات کی لڑائی گلی کوچوں میں پھیلا دی۔

- Advertisement -

انہوں نے کہا کہ سیاسی جھگڑے عدالتوں کو نہیں آخرکار سیاست دانوں کو ہی حل کرنا پڑیں گے، تینوں بڑی سیاسی جماعتیں اقتدار کی جنگ میں اس حد تک نہ جائیں کہ خدانخواستہ ملک کا بڑا نقصان ہو جائے۔

امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ بحران کے خاتمہ کے لیے پارلیمنٹ میں موجود جماعتیں گرینڈ ڈائیلاگ کا آغاز کریں، سب متفق ہیں تو جماعت اسلامی ملک اور عوام کی خاطر میزبانی کے لیے تیار ہے، خدارا ذاتی لڑائیاں چھوڑیں اور آئین پاکستان پر اتفاق کریں، اس وقت تقسیم کی بجائے مکالمہ کی ضرورت ہے۔

سراج الحق نے کہا کہ 2018ء کے الیکشن کے بعد اسٹیبلشمنٹ کے کردار پر سوال اٹھائے جا رہے ہیں، تینوں جماعتوں نے اقتدار میں آنے کے لیے اسٹیبلشمنٹ کی طرف دیکھا اور حکومت ملنے پر ملک اور قوم کی کوئی خبر گیری نہ لی۔

ایک سوال کے جواب میں امیر جماعت نے کہا کہ موجودہ حالات میں الیکشن ہوتے ہیں، تو انھیں کوئی قبول نہیں کرے گا۔ انتخابات سے قبل الیکشن اصلاحات ہونی چاہییں اور سیاسی جماعتوں کو اس مقصد کے لیے آپس میں مذاکرات کا آغاز کرنا چاہیے، جماعت اسلامی متناسب نمائندگی کے اصولوں کے تحت الیکشن چاہتی ہے تاکہ ملک کو الیکٹیبلز کی سیاست سے نجات ملے۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں