اسلام آباد : تحریک انصاف کے رہنما شاہ محمودقریشی نے شہباز شریف کو مشورہ دیا ہے کہ فوری طورپر اسمبلی توڑ کر انتخابات کا اعلان کردیں۔
تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کے رہنما شاہ محمودقریشی نے اے آر وائی نیوز کے پروگرام باخبر سویرا میں گفتگو کرتے ہوئے کہا اقلیت کواکثریت میں بدلاگیا، 10ووٹوں کوغیرآئینی رولنگ سے مسترد کر دیا گیا۔
شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت کو ہٹ دھرمی پر قائم نہیں رہنا چاہیے، معیشت دن بدن بگڑتی جارہی ہے، پاکستان دیوالیہ ہونے کے قریب ہے، شہباز شریف کو فوری طور پر اسمبلی توڑ کر انتخابات کا اعلان کر دینا چاہیے۔
رہنما پی ٹی آئی نے کہا کہ ہم پی ڈی ایم کو نکلنے کا ایک محفوظ راستہ دینا چاہ رہے ہیں، نوازشریف کہہ رہےہیں حکومت میں جانا اور حکومت بنانا حماقت تھی ، ایاز صادق نے بھی مجھے بتایا نوازشریف الیکشن کے لیے تیار ہیں۔
زرداری کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ اس وقت نظام درہم برہم کرنےکےذمےدارآصف زرداری ہیں، خودآصف زرداری دبئی جاکربیٹھ گئے ہیں ، یہ نیب کوغیرفعال کرنے اور اسے دفن کرنے کے لیے آئے ہیں، یہ اپنی کرپشن 1100ارب کےغبن کوہضم کرنے کے لیے آئے۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ گورنر کو سپریم کورٹ کی ہدایت تھی کہ رات کو ساڑھے 11 بجے حلف لے، میرے خیال میں گورنرپنجاب نے حلف نہ لے کر توہین عدالت کی ہے، عدالت کو بھی یہ متوقع تھا اس لیے انہوں نے متبادل دے رکھا تھا۔
سپریم کورٹ کے فیصلے سے متعلق تحریک انصاف کے رہنما کا کہنا تھا کہ یہ نظرثانی میں جائیں گے تو اسے بھی وہی بینچ سنے گا، میرے خیال میں حل انتخابات ہیں، ہم ڈائیلاگ سےانکارنہیں کررہے، چیئرمین عمران خان مذاکرات کےلیےکسی کونامزدبھی کرسکتےہیں۔
انھوں نے مزید کہا کہ بلاول بھٹونہ تین میں ہیں نہ تیرہ میں ہیں،وہ شو بوائے ہے، آج دوبجےبنی گالہ میں پی ٹی آئی کااجلاس ہے، ہم اپنے مفاد سے بڑھ کر ملک کے مفاد کو سوچ رہے ہیں اور ترجیح بھی دے رہے ہیں۔
شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم کا اتحاد رہے گا نہیں بکھر جائے ان میں کوئی مماثلت نہیں۔