اسلام آباد : یکم اگست سے پٹرول پر دس روپے اور ڈیزل پرپانچ روپے لیوی بڑھائے جانے کا امکان ہے، جس کے باعث پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں اضافہ ہوسکتا ہے۔
تفصیلات کے مطابق حکومت کی جانب سے یکم اگست سے پٹرول اور ڈیزل پر لیوی بڑھائے جانے کا امکان ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پٹرول پر لیوی مزید 10 روپے فی لیٹر بڑھ سکتی ہے اور ڈیزل پر لیوی میں مزید 5روپے فی لیٹر اضافہ ہوسکتا ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ اوگرا کی سمری کے بعد لیوی اور مارجن شامل ہوسکتےہیں، مارجن بڑھانے کا نوٹیفکیشن آیاتو وہ بھی ریٹ بڑھنے کا سبب بنے گا۔
ذرائع کے مطابق حکومت نے پٹرول ،ڈیزل پرمارجن 7روپےفی لیٹرکردیا ، آئی ایم ایف نے اگست میں لیوی بڑھانےکی شرط عائد کررکھی ہیں۔
ذرائع نے کہا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا حتمی فیصلہ 31جولائی کو ہوگا۔
گذشتہ روز اقتصادی رابطہ کمیٹی نے پٹرول اور ڈیزل پر آئل کمپنیوں اور ڈیلرز کے لیے مارجن میں اضافے کی منظوری دی تھی۔
اقتصادی رابطہ کمیٹی نے پٹرولیم مصنوعات پر ڈیلرز مارجن بڑھا کر 7 روپے تک کر دیا تھا جبکہ آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کے مارجن میں بھی اضافہ کیا۔
آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کامارجن تین روپے 68 پیسے سے بڑھا کرسات روپے فی لیٹر کردیا تاہم پٹرول اور ڈیزل پر مارجن بڑھانے کی کی حتمی منظوری وفاقی کابینہ دے گی۔