پاکستان میں محرم الحرام کا چاند نظر نہیں آیا، یکم محرم الحرام 31جولائی اتوار کو اور یوم عاشور 9 اگست بروز منگل کو ہو گا۔
تفصیلات کے مطابق محرم الحرام 1444 ہجری کے چاند کی رویت کیلئے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس آج کوئٹہ میں ہوا جس کی صدارت چیئرمین رویت ہلال کمیٹی مولانا محمد عبدالخبیر آزاد نے کی۔
اجلاس میں مرکزی رویت ہلال کمیٹی ، زونل کمیٹی کراچی کے ممبران سمیت وزارت مذہبی امور، سائنس اینڈ ٹیکنالوجی، سپارکو کے ممبران بھی شریک ہوئے۔ زونل رویت ہلال کمیٹیوں کے اجلاس اپنے اپنے مقامات پر منعقد ہوئے۔
چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی مولانا عبدالخبیر آزاد نے اعلان کیا کہ :محرم الحرام کا چاند نظر نہیں آیا لہذا یکم محرم الحرام 31جولائی بروز اتوار کو ہو گی جب کہ یوم عاشور9اگست بروز منگل ہو گا۔
انہوں نے کہا کہ تمام صوبوں میں زونل رویت ہلال کمیٹی کےاجلاس منعقدہوئے تاہم ملک کے کسی بھی علاقے سے شہادتیں موصول نہیں ہوئیں۔
خیال رہے گذشتہ روز سعودی عرب میں محرم الحرام کا چاند نظر نہیں آیا تھا ، جس کے تحت سعودی عرب میں یکم محرم الحرام 30 جولائی کو ہوگی۔
واضح رہے نیا اسلامی سال اور ماہ شروع ہوتے ہی ملک بھر میں شہدا کربلا کی یاد میں مجالس اور جلوسوں کا اہتمام کیا جائے گا، وفاقی و صوبائی حکومتوں نے امن و امان کی صورتحال کو قابو میں رکھنے کے لیے سیکیورٹی کے خصوصی اقدامات بھی کیے۔