اشتہار

نوجوان کے چہرے نے اسکی زندگی مشکل بنا دی، دلچسپ کہانی

اشتہار

حیرت انگیز

چین میں 27 سالہ نوجوان کا چہرہ پہلے اسکے روزگار میں رکاوٹ بنا، نوکری ملی تو شادی کے لیے لڑکی نہیں مل رہی۔ وجہ ہے کہ وہ دیکھنے میں نوجوان نہیں بلکہ بچہ دکھائی دیتا ہے۔

آج کے دور میں ہر شخص اپنی اصل عمرسے کم نظر آنا چاہتا ہے اور اس کے لیے کئی جتن بھی کرتا ہے لیکن کبھی کبھار کم سن نظر آنا نقصان دہ بھی ثابت ہوجاتا ہے جیسا کہ چین کے ایک نوجوان کے ساتھ ہوا جس کے لیے نوکری کا حصول جوئے شیر لانے کے مترادف مشکل ترین کام بن گیا۔

چین کے علاقے ڈونگ گوان سے تعلق رکھنے والے ماؤشینگ کی عمر تو 27 سال ہے لیکن چہرے پر قدرتی طور پر بچپن کی شبیہہ ہے اور دیکھنے والے کو وہ ایک 10 سالہ بچہ ہی لگتا ہے۔ صرف دیکھنے میں ہی نہیں بلکہ اس کی آواز بھی بچوں جیسی ہی ہے اور بچپن کی یہی شبیہہ اس کی زندگی کی سب سے بڑی مشکل بن گئی۔

- Advertisement -

وہ جہاں بھی نوکری کے حصول کے لیے گیا تو ہر ادارے نے اسے بچہ سمجھ کر ملازمت دینے سے معذرت کرلی اور دستاویزی ثبوت دینے کے باوجود کسی ادارے نے اس کی اصل عمر پر یقین نہیں کیا اور کہا کہ اگر انہوں نے اس کو نوکری دی تو ان پر چائلڈ لیبر ایکٹ (بچوں سے مشقت) لینے کا مقدمہ درج ہوسکتا ہے۔

ماؤشینگ کئی ہفتوں تک نوکری کی تلاش میں ایک دفتر سے دوسرے دفتر، ایک ادارے سے دوسرے ادارے جاتا رہا لیکن اس کی مشکل حل نہیں ہوئی۔ نوکری کے حصول کے لیے کافی جوتیاں گھسانے کے بعد بھی اس کو نوکری نہیں ملی تو اس نے اپنی مشکل بیان کرنے کے لیے سوشل میڈیا کا سہارا لیا۔

ماؤشینگ کی ایک ویڈیو چینی ٹک ٹاک ڈووین پر وائرل ہوئی جس میں وہ اداروں کے رویے پر شاکی نظر آرہا ہے۔

نوجوان کی یہ جذباتی ویڈیو سوشل میڈیا پر اتنا مقبول ہوا کہ کئی کمپنیوں اور اداروں نے خود اس سے رابطہ کیا جس کے بعد بالآخر اسے ایک ملازمت مل ہی گئی لیکن نوجوان کی مشکل ختم نہیں ہوئی۔

ماؤ کو نوکری مل گئی تو اب وہ شادی کے لیے لڑکی کی تلاش میں ہے لیکن وہی بچوں جیسی شکل وصورت اس کی شادی میں بھی رکاوٹ بن رہی ہے۔ ماؤشینگ چاہتا ہے کہ ااس کا اپنا گھر ہو اور اولاد بھی ہو۔

بعض ڈاکٹروں کے مطابق ماؤ شینگ کے ساتھ ہارمونز کا مسئلہ ہے۔ یہی وجہ ہے کہ 27 سال کی عمر کے باوجود اس کی شکل اور آواز دونوں ہی بچے جیسی ہیں۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں