پی ٹی آئی رہنما فواد چوہدری نے کہا ہے کہ چیف الیکشن کمشنر کے خلاف جوڈیشل ریفرنس تیار ہوگیا اور اس کے ساتھ ثبوت منسلک کیے جارہے ہیں۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ چیف الیکشن کمشنر کے خلاف جوڈیشل ریفرنس تیار ہوگیا۔ ریفرنس واپس لینے کا کوئی فیصلہ نہیں ہوا بلکہ اس کے ساتھ ثبوت منسلک کیے جارہے ہیں۔
فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن ارکان ایک پارٹی کا دائیاں بازو بن گئے ہیں لیکن پاکستان کی سب سے بڑی اسٹیبلشمنٹ عوام ہے۔ چند ہفتوں میں شہباز شریف بھی مجھے کیوں نکالا کا ورد کرتے سنائی دیں گے۔
انہوں نے کہا کہ آج کے اجلاس میں پارٹی کے آئین میں ترامیم ہونگی۔ 11 ارکا ن کے استعفوں کی منظوری کیخلاف پٹیشن دائر کردی ہے۔
واضح رہے کہ دو روز قبل چیئرمین پاکستان تحریک انصاف اور سابق وزیر اعظم عمران خان نے چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان کے خلاف جوڈیشل ریفرنس دائر کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔
مزید پڑھیں: عمران خان کا چیف الیکشن کمشنر کیخلاف جوڈیشل ریفرنس دائر کرنے کا فیصلہ
عمران خان کی زیرِ صدارت پارٹی قیادت کا اہم اجلاس ہوا تھا جس میں الیکشن کمیشن ارکان کی حکومتی وفد سے ملاقات پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا گیا تھا کہ پی ٹی آئی قیادت نے کہا کہ چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان کی جانب سے کوڈ آف کنڈکٹ کی دھجیاں اڑائی گئیں۔