وزیراعظم شہباز شریف نے ہیلی کاپٹر حادثے می پاک فوج کے افسران اور جوانوں کی شہادت پر افسوس اور اہلخانہ سے اظہار تعزیت کیا ہے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے ہیلی کاپٹر حادثے میں کور کمانڈر سمیت 6 افسران اور جوانوں کی شہادت پر اظہار افسوس کرتے ہوئے شہیدوں کے اہلخانہ سے دلی دکھ اور تعزیت کا اظہار کیا ہے اور کہا ہے کہ وطن کے یہ بیٹے قوم کا فخر ہیں، پوری قوم شہدا کے اہل خانہ کے غم میں شریک ہے۔ اللہ شہدا کے درجات بلند کرے اور اہل خانہ کو صبر جمیل اور اجر عظیم عطا فرمائے۔
وزیراعظم نے کہا کہ پوری قوم اس حادثے پر انتہائی مغموم اور افسردہ ہے۔ وطن کے بیٹوں نے اپنی جانیں ہم وطنوں کی زندگیاں بچانے کے لیے وار دیں۔ لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی اور ساتھی فرض کی بجا آوری کی روشن مثال بنے۔
شہباز شریف نے کہا کہ لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی بہترین پروفیشنل، فرض شناس اور قابل افسر ہونے کے ساتھ انتہائی ایماندار اور اچھے انسان تھے۔
وزیراعظم نے ہیلی کاپٹر سانحے پر سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ٹوئٹ بھی کیا ہے جس میں انہوں نے کہا کہ قوم پاک فوج کے لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی سمیت 6 افسران کی شہادت پر غم میں ہے۔
شہباز شریف نے مزید لکھا کہ پاک فوج کے افسران متاثرین کو ریلیف دینے کا فریضہ سر انجام دے رہے تھے۔ ہم اس دھرتی کے فرزندوں کے ہمیشہ مقروض رہیں گے۔ سوگوار خاندانوں سے دلی تعزیت کرتا ہوں۔
Nation is deeply grieved on the martyrdom of Lt. General Sarfraz Ali & 5 other officers of Pakistan Army. They were doing a sacred duty of providing relief to flood affectees. Will remain eternally indebted to these sons of soil. My heartfelt condolences to the bereaved families!
— Shehbaz Sharif (@CMShehbaz) August 2, 2022
واضح رہے کہ گزشتہ روز بلوچستان میں ہیلی کاپٹر لاپتہ ہوا تھا آج پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل بابر افتخار نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر کور کمانڈر کوئٹہ سمیت6 افسران و اہلکاروں کی شہادت کی تصدیق کردی۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ حادثے کا شکار بدقسمت ہیلی کاپٹر کا ملبہ موسیٰ گوٹھ وندر لسبیلہ سےملا، ہیلی کاپٹر کے حادثے میں لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی سمیت افسران شہید ہوگئے ہیں۔