تازہ ترین

نئے مالی سال کے پہلے مہینے ہی ملکی برآمدات کو بڑا دھچکا

نئے مالی سال کے پہلے ہی ماہ ملکی برآمدات کو بڑا دھچکا لگا ہے اور جولائی میں ماہانہ بنیادوں پر برآمدات 23.95 فیصد کم ہوگئی ہیں۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق ادارہ شماریات نے تجارتی اعداد وشمارجاری کردیے ہیں جس کے مطابق نئے مالی سال کے پہلے ہی ماہ ملکی برآمدات کو بڑا دھچکا لگا ہے اور جولائی میں ماہانہ بنیادوں پر برآمدات 23.95 فیصد کم ہوگئی ہیں۔

ادارہ شماریات کی رپورٹ کے مطابق جولائی میں ماہانہ بنیادوں پر برآمدات میں 23.95 فیصد جب کہ سالانہ بنیادوں پر برآمدات میں5.17 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ رواں مالی سال کے پہلے مہینے جولائی میں برآمدات 2 ارب21 کروڑ90 لاکھ ڈالرز رہیں جب کہ گزشتہ مالی سال کے آخری مہینے جون 2022 میں برآمدات کا حجم 2 ارب 91 کروڑ 80 لاکھ ڈالر تھا۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ جولائی میں ماہانہ بنیادوں پر درآمدات میں38.31 فیصد کمی ہوئی ہے اور جولائی 2022 میں درآمدات 4 ارب 86 کروڑ 10 لاکھ ڈالرز رہیں جب کہ جون 2022 میں درآمدات 7 ارب 88 کروڑ ڈالرز تھیں۔

ادارہ شماریات کے مطابق جولائی میں ماہانہ بنیادوں پر تجارتی خسارے میں 46.76 فیصد کمی ہوئی ہے اور اس مہینے میں تجارتی خسارہ 2 ارب 64 کروڑ 20 لاکھ ڈالرز رہا جب کہ جون 2022 میں تجارتی خسارہ 4 ارب 96 کروڑ 20 لاکھ ڈالرز تھا۔

Comments

- Advertisement -