اسلام آباد : الیکشن کمیشن نے چوہدری شجاعت کو مسلم لیگ ق کا صدر برقرار رکھتے ہوئے ق لیگ انٹرا پارٹی انتخابی شیڈول معطل کردیا۔
تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن میں چوہدری شجاعت کی انٹرا پارٹی الیکشن رکوانے کی درخواست پر سماعت ہوئی ، چوہدری شجاعت کی طرف سے بیرسٹر عمر اسلم کمیشن میں پیش ہوئے۔
چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ آپ کی ایک درخواست ہے اور ایک خط آیا تھا، دونوں ایک ساتھ سن لیتے ہیں، جس پر وکیل ق لیگ کا کہنا تھا کہ 28 جولائی کو ایک کاغذ سوشل میڈیا پر وائرل ہوا ، کاغذ پر تھا ق لیگ کا ایک اجلاس ہوا، جس کو کامل علی آغا نے چیئر کیا۔
وکیل ق لیگ نے بتایا کہ اس لیٹر ہیڈ پر کسی کے سائن موجود نہیں تھے، لیٹر ہیڈ پرلکھا گیا چوہدری شجاعت اورطارق بشیر چیمہ کو عہدے سےہٹا دیا گیا ، ممبر الیکشن کمیشن نے سوال کیا کہ کامل علی آغا کا عہدہ کیا ہے؟
وکیل ق لیگ نے ممبر الیکشن کمیشن کو بتایا کہ کامل علی آغاصوبہ پنجاب کا آفس بیئرر ہے، پارٹی کے صدر اور سیکر ٹری جنرل کو عہدوں سے ہٹایا گیا۔
وکیل چوہدری شجاعت نے کہا کہ پارٹی کا غیر قانونی اجلاس بلایا گیا، کامل علی آغا پارٹی نے دونوں عہدیداروں کو ہٹایا، کامل آغا پارٹی کے صوبائی سیکرٹری ہیں، صوبائی عہدیدار کے پاس یہ اختیارات نہیں۔
الیکشن کمیشن نے چوہدری شجاعت کو مسلم لیگ ق کا صدر برقرار رکھتے ہوئے ق لیگ انٹرا پارٹی انتخابی شیڈول معطل کردیا اور اسٹیٹس برقرار رکھنے کا حکم
دیا۔
الیکشن کمیشن نے کہا کہ طارق بشیر چیمہ پارٹی کے سیکر ٹری جنرل ہو ں گے اور اس دوران کوئی بھی اقدام غیر قانونی ہو گا، کمیشن کے فیصلے تک کسی اقدام کی کوئی قانونی حیثیت نہیں ہوگی اور الیکشن کمیشن کے فیصلے تک اسٹیٹس کو برقرار رہے گا۔
الیکشن کمیشن نے فریقین کونوٹس جاری کرتے ہوئے سماعت 16اگست تک ملتوی کردی۔