جمعہ, دسمبر 27, 2024
اشتہار

حکومت کا پی ٹی آئی کے 13 بے نامی اکاؤنٹس کی تحقیقات کا فیصلہ

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد : حکومت نے پی ٹی آئی کے 13 بے نامی اکاؤنٹس کی تحقیقات کا فیصلہ کرلیا ، حنیف عباسی نے بتایا کہ عمران خان ،پرویز خٹک ،عامر کیانی و دیگر کی تحقیقات ہوں گی۔

تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن کے رہنما حنیف عباسی نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی کے 13 بے نامی اکاؤنٹس کی تحقیقات کا فیصلہ ہوا ہے۔

حنیف عباسی کا کہنا تھا کہ عمران خان ،پرویز خٹک ،عامر کیانی و دیگر کی تحقیقات ہوں گی، پتہ لگایاجائےگا کہ انہوں نے ذاتی اکاؤنٹ میں رقم کیسے اور کیوں منگوائی۔

- Advertisement -

مسلم لیگ ن کے رہنما نے بتایا کہ آئندہ کابینہ میٹنگ کے بعدان سب کےنام ای سی ایل میں ڈالےجائیں گے۔

فنڈنگ کیس کے فیصلے پر ان کا کہنا تھا کہ عمران خان الیکشن کمیشن کے فیصلے کے بعد بے نقاب ہوچکے ہیں، اب بہت سے اوورسیزپاکستانیوں نے ان سے پوچھنا شروع کر دیا ہے۔

عارف علوی کے حوالے سے حنیف عباسی نے کہا کہ الیکشن کمیشن فیصلے کے بعد صدر مملکت کو مستعفی ہوجانا چاہیے تھا، نواز شریف کو بیٹے سے تنخواہ نہ لینے پر نکال دیا گیا تھا۔

ن لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی میں صدارت کی دوڑ شروع ہوگئی ہے، اسد عمر، پرویز خٹک،شاہ محمود قریشی اور فوادچوہدری صدارت کی دوڑ میں ہیں۔

گذشتہ روز وفاقی کابینہ نے تحریک انصاف کے خلاف سپریم کورٹ میں ڈیکلیریشن بھجوانے کا فیصلہ کرتے ہوئے ایف آئی اے کو جعلی اکاؤنٹس اور منی لانڈرنگ کی تحقیقات کے لیے بھی ہدایت جاری کی تھی۔

وزیر اطلاعات نے کہا تھا کہ الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی کو غیر ملکی فنڈ لینے والی جماعت ثابت کردیا، پہلی بار کسی سیاسی جماعت پر غیر ملکی فنڈنگ کا الزام ثابت ہوا۔

ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی نے 16 اکاؤنٹس ظاہر نہیں کیے جبکہ عمران خان نے بیان حلفی دیا کہ ہم نے بیرونِ ملک سے کوئی فنڈ نہیں لیا۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں