کابل: افغانستان کے دارالحکومت کابل میں بم دھماکے کے نتیجے میں 8 افراد جاں بحق ہوگئے۔
غیرملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق دھماکا خیز مواد ریڑھی میں نصب کیا گیا تھا جبکہ دھماکے کی ذمہ داری شدت پسند تنظیم داعش نے قبول کرلی ہے۔
داعش کا دعویٰ ہے کہ حملے میں 20 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوئے ہیں تاہم افغان پولیس نے 8 افراد کی ہلاکت کی تصدیق کی ہے۔
کابل پولیس کے ترجمان خالد زردان نے کہا کہ دھماکا پرہجوم مقام پر ہوا۔
سوشل میڈیا پر جاری ویڈیوز میں دھماکے کے بعد لوگوں کو بھاگتے ہوئے بھی دیکھا گیا۔
واضح رہے کہ اس سے قبل کابل انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں ٹی 20 میچ کے دوران دھماکا ہوا تھا جس کے نتیجے میں 4 افراد زخمی ہوگئے تھے۔
یاد رہے کہ مئی میں کابل اور شمالی شہر مزار شریف میں ہونے والے بم دھماکوں میں 14 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے تھے۔