تازہ ترین

پاکستان نے او آئی سی بیان پر بھارتی وزارت خارجہ کے تبصرے کو مسترد کردیا

اسلام آباد: ترجمان دفتر خارجہ نے اسلامی تعاون تنظیم کے مقبوضہ کشمیر سے متعلق بیان پر بھارتی وزارت خارجہ کے تبصرہ کو مسترد کردیا ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ عاصم افتخار نے بھارتی دفتر خارجہ کے تبصرے کو مضحکہ خیز قرار دیتے ہوئے اسے مسترد کردیا ہے، ترجمان نے کہا کہ بھارتی وزارت خارجہ کے دعوے جھوٹے اور قابل مذمت ہیں، ہندوتوا کے بے باک پریکٹیشنر کا دوسروں پر تعصب یا فرقہ وارانہ کا الزام لگانا حیران کن ہے۔

ترجمان نے کہا کہ ریاستی دہشت گردی کو فروغ دینے والے کا انگلیاں اٹھانا تشویشناک ہے، او آئی سی اسلامی ممالک کی 1.7 ارب سے زیادہ مسلم آبادی کی نمائندگی کرنے والا فورم ہے، اوآئی سی فورم ہمیشہ کشمیری عوام کے جائزحقوق کی حمایت میں آواز اٹھاتا رہا ہے۔

عاصم افتخار نے کہا کہ کشمیری دہائیوں سے غیرقانونی قبضے، بے دریغ جبر کا ناقابل بیان نقصان اٹھاچکے، مقبوضہ کشمیر کبھی بھارت کا حصہ تھا اور نہ کبھی ہوگا، وہ پاکستان اور بھارت کے درمیان بین الاقوامی تسلیم شدہ متنازع علاقہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر 1947 سے زبردستی غیرقانونی ہندوستانی قبضے میں ہے، تنازع تقریباً 75 سالوں سے اقوام متحدہ سلامتی کونسل کے ایجنڈے پر ہے۔

Comments

- Advertisement -